Allah pak ko kis ne paida kya shaitan jab ye waswasa dale to kya karen ?

اللہ تعالی کو کس نے پیدا کیا شیطان جب یہ وسوسہ ڈالے تو کیا کریں ؟

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-633

تاریخ اجراء: 08ربیع الثانی 1444  ھ/04 نومبر 2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مجھے عجیب سے وسوسے آتے ہیں ، کچھ دنوں سے مجھے یہ وسوسہ آرہا ہے کہ اللہ کو کس نے بنایا ہوگا ۔میں وسوسے دور کرنے کی کوشش کرتا ہوں ، لیکن پھر بھی وسوسے آتے ہیں۔ اس صورت میں میرے لئے کیا حکم ہے۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

  جب شیطان مردوداس طرح کے وسوسے ڈالے ،تو حدیث پاک پرعمل کرتے ہوئے فورا ’’اعوذباللہ ‘‘پڑھ لیں اور شیطانی وسوسوں کی طرف توجہ نہ دیں ،ان شاء اللہ عزوجل توجہ نہ دینے سے وسوسے دورہوجائیں گے ۔

  بخاری شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہےکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:”یاتی الشیطان احدکم ، فیقول:من خلق کذا ؟ من خلق کذا؟ حتی یقول:من خلق ربک؟ فاذا بلغہ فلیستعذ باللہ ولینتہ“یعنی تم میں سے کسی کے پاس شیطان آتا ہے ،تو اُس سے کہتا ہے کہ فلاں چیز کس نے پیدا کی؟ فلاں چیزکس نے پیدا کی؟ یہاں تک کہ کہتا ہے : تمہارے رب عزوجل کو کس نے پیدا کیا ؟ جب اِس حد تک پہنچے تو، اللہ پاک کی پناہ مانگو اور اس سے باز رہو۔ (صحیح بُخاری، صفحہ444،حدیث3276،مطبوعہ:ریاض)

   مفسرشہیرحکیم الامت حضرت ِ مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث پاک کے تحت فرماتے ہیں:”یعنی اس کا جواب سوچنے کی کوشش بھی مت کرو، ورنہ شیطان سوال در سوال کرے گا۔ اعوذ باللہ پڑھ کر اسے بھگادو، ہر سوال کا جواب نہیں دیا جاتا۔ رب(عزوجل) نے شیطان کے سجدہ نہ کرنے پر اس کے دلائل کا جواب نہ دیا ۔ بلکہ فرمایا :فَاخْرُ جْ مِنْهَا (یعنی تو جنّت سے نکل جا)۔(پ۱۴، الحَجَر۳۴ )خیال رہے کہ (اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم پڑھنا)دفع شیطان کے لئے اکسیر ہے “ (مراۃ المناجیح، جلد1، صفحہ 82،ضیاء القرآن، لاھور)

  وسوسوں  کے مزید  علاج اور اس کی معلومات کے لئے  امیر  اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ کا رسالہ ”وسوسے اور ان  کا علاج“  کا مطالعہ فرمائیں ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم