Dawateislami Walo Ka Ahlebait Se Mutalliq Aqeeda

دعوت اسلامی والوں کااہل بیت سے متعلق عقیدہ

فتوی نمبر:WAT-187

تاریخ اجراء:15ربیع الاول 1443ھ/22اکتوبر2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ہم اسلامی بہنیں اپنے علاقے میں دینی کام کرتی ہیں،لیکن یہاں کچھ لوگ یہ مشہور کر رہے ہیں کہ دعوت اسلامی والے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو نہیں مانتے۔ اس بارے میں  کوئی ایسا فتوی وغیرہ دیں کہ جس میں ہو کہ ہم تمام صحابہ اور سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو مانتے ہیں، اگرچہ امیراہلسنت دامت برکاتہم العالیۃ نے یہ نعرہ دیا ہے کہ ہر صحابئ نبی جنتی جنتی ، لیکن پھر بھی وہ لوگ اعتراض کرتے ہیں۔اس کا کوئی جواب دے  دیجئے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   الحمد للہ عزوجل دعوت اسلامی اہلسنت و جماعت کی عالمگیر دینی تحریک ہے اور  دعوت اسلامی والوں کے عقائد صحابہ و اہلبیت اطہار علیہم الرضوان کے حوالے سے بالکل واضح ہیں اور ان میں کوئی بھی معاذ اللہ عزوجل کسی صحابی یا اہلبیت سے بغض نہیں رکھتا،بلکہ اس حوالے سے جواہلسنت کاموقف ہے ،وہی اپناتاہے۔اس بارے میں دعوت اسلامی والوں کے کردار کو مشکوک بتانا یا متہم کرنا بالکل درست نہیں۔ اور دعوت اسلامی والوں کا پکا سنی ہونا کئی اکابر علماء نے بیان فرمایا ہے۔

   اور جہاں تک یہ بات رہی کہ معاذ اللہ عزوجل دعوت اسلامی والے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو نہیں مانتے ، یہ صریح بہتان ہے، کیونکہ دعوت اسلامی تو مولا علی  المرتضیٰ رضی اللہ عنہ اور اہلبیت و صحابہ کرام علیہم الرضوان ہی کا فیضان ہے، جس کی وضاحت کئی دفعہ امیر دعوت اسلامی مولانا الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیۃ اپنے بیانات اور مدنی مذاکروں میں فرما چکے ہیں۔اورجوحضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ یاکسی بھی صحابی سے بغض رکھتاہو،اسے دعوت اسلامی اہلسنت سے خارج اوربدمذہب مانتی ہے ۔

   اور بالخصوص امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیۃ نے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ شیر خدا کرم اللہ تعالیٰ  وجہہ الکریم کی شان و مناقب میں”کراماتِ شیر خدا“ کے نام سے  ایک مکمل رسالہ بھی تحریر فرمایا ہے ، جسے درج ذیل لنک سے پڑھا جا سکتا ہے۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/karamaat-e-sher-e-khuda

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم