Iman Ki Hifazat Ka Wazifa

ایمان کی حفاظت کا وظیفہ

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2006

تاریخ اجراء: 02ربیع الاول1445 ھ/19ستمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اپنے ایمان کی حفاظت کیسے کی جائے؟ اس کے لیے کچھ وظائف ہوں تو وہ بھی بتا دیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ایمان کی حفاظت کے لیے چندضروری گزارشات پیش کی جاتی ہیں :

(1)صحیح العقیدہ  اورنیک نمازی مسلمانوں کے ساتھ رہیں ،بدعملوں، غیر مسلموں اوربد مذہبوں کی صحبت ویارانے ،ان کی کتابیں و لٹریچر وغیرہ پڑھنے اورویڈیووغیرہ دیکھنےسننے سے بچیں۔

(2) اوراللہ تعالی و رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام  احکامات  پر عمل اورتمام ممنوعات سے بچنے کاخاص اہتمام کیاجائے کہ گناہ ایمان کی بربادی کاسبب بنتے ہیں ۔

(3)ان کے ساتھ ساتھ، اللہ تبارک و تعالی سے ایمان کی سلامتی کی دعا کرتے رہیں کہ دعامومن کاہتھیارہے ۔

(4)نیزاگر آپ کسی صحیح العقیدہ جامع شرائط پیر صاحب سے بیعت نہیں تو بیعت ہو جائیں ان شاء اللہ ایمان کی سلامتی کے ساتھ ساتھ اعمال صالحہ کرنے اور بد عملیوں سے بچنے کا ذہن بنے گا۔

(5)یونہی نیک لوگوں سے ایمان کی سلامتی کی دعا کرواتے رہنا بھی ایمان کی سلامتی کا ایک ذریعہ ہے۔

(6)ان سب کے ساتھ اس سے متعلق مستند وظائف بھی پڑھتے رہنا چاہیے ۔مثلا:

(الف)اکتالیس بار صبح کو یَا حَیُّ یَا قَیُّوْمُ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ  اوَّل و آخِر دُرُود شریف۔

(ب)نیز سوتے وَقت اپنے سب اَوراد کے بعد سورۂ کافِرون روزانہ پڑھ لیا کیجئے اس کے بعد کلام (گفتگو)وغیرہ نہ کیجئے ہاں اگر ضَرورت ہو تو کلام (بات)کرنے کے بعد پھر سورۂ کافِرون تلاوت کر لیں کہ خاتِمہ(اختِتام )اسی پر ہو،اِنْ شَاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ خاتِمہ ایمان پر ہو گا ۔

(ج)اور تین بار صبح اور تین بار شام اس دُعا کا وِرد رکھیں: اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَعُوْذُبِكَ مِنْ اَنْ نُشْرِكَ بِكَ شَيْاءً نَعْلَمُہ وَنَسْتَغْفِرُكَ لِمَا لَا نَعْلَمُہ۔"

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم