Kalma e Kufr Yaad Na Ho To Tauba Ka Tarika

کلمہ کفر یاد نہ ہو تو توبہ کا طریقہ

مجیب:مولانا احمد سلیم عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2777

تاریخ اجراء: 01ذوالحجۃالحرام1445 ھ/08جون2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کوئی شخص کلمۂ کفر بولے اور اس کو یاد نہ ہو اور سننے والے کو بھی یاد نہ ہو، بس اتنا معلوم ہو کہ کلمۂ کفر بولا ہے، تو اب توبہ کا کیا طریقہ ہو گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   صورتِ مسئولہ میں توبہ کا طریقہ یہ ہے کہ : یا اللہ پاک میں نے اب تک زبان سے جو بھی کفریہ کلمہ بولا ہے میں اس سے بیزار ہوں اور تیری بارگاہ میں سچی توبہ کرتے ہوئے اس بات کا اقرار کرتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور  حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں  ۔  

   مکتبۃ المدینہ کے جاری کردہ رسالے” تجدیدِ ایمان وتجدیدِ نکاح کا آسان طریقہ “ میں ہے: اگر کسی نےمَعَاذَاللہ عَزَّ وَجَلَّ کئی کُفرِیّات بکے ہوں اور یاد نہ ہو کہ کیا کیا بکا ہے تو یوں کہے :یااللہ عَزَّوَجَلَّ!مجھ سے جو جو کُفرِیّات صادِر ہوئے ہیں میں ان سب سے توبہ کرتا ہوں، پھر کلمہ پڑھ لے ۔(تجدیدِ ایمان وتجدیدِ نکاح کا آسان طریقہ، صفحہ 2، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم