Kya Qayamat Ke Din Musalman Aur Kafir Ko Allah Ka Deedar Hoga?

کیا قیامت کے دن مسلمان و کافر دونوں کو اللہ کا دیدار ہوگا ؟

مجیب: ابو مصطفی محمد کفیل رضا مدنی

فتوی نمبر:Web-853

تاریخ اجراء: 04رجب المرجب1444 ھ  /27 جنوری2023 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیاقیامت کے دن مسلمان و کافر دونوں کو اللہ پاک دیدار ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   دو مقامات پہ دیدار الٰہی ہو گا ایک بروز محشر حساب کے وقت، جو مسلمان اور کافر سب کو ہو گا لیکن مومن کو رحمت والا اور کافر کو غضب و قہر والا دیدار ہوگا جبکہ ایک دیدارجنت میں۔  جنت میں تو صرف مؤمن ہی جائیں گے لہٰذا یہ دیدار بمطابق روایات ہر جمعرات صرف مسلمانوں کو ہی نصیب ہو گا، کافروں کو یہ سعادت نصیب نہیں ہو گی کہ کوئی کافر جنت میں نہیں جائے گا۔ العیاذ باللہ۔

   مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں: ”قیامت میں حساب کے وقت سارے بندے رب کو دیکھیں گے مؤمن ہویا کافر مگر مؤمن بہ شان رحمت دیکھیں گے اور کافر بہ شان غضب۔“(مراۃ المناجیح، جلد07،صفحہ 427،ضیاء القرآن پبلی کیشنز، لاھور)

   ایک اور مقام پہ فرماتے ہیں :”قیامت میں ہر مؤمن و کافر کو رب کا دیدار ہوگا ، مومن کو رحمت کی شان میں اور کافر کو غضب و قہر کی شان میں ۔ قیامت کے بعد صرف مومنوں کو جنت میں دیدارِ الٰہی ہوا کرے گا ، کفار کو دوزخ میں نہ ہوگا ۔“(مراۃ المناجیح، جلد07،صفحہ 516،ضیاء القرآن پبلی کیشنز، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم