Tamam Ambiya e Kiram علیہم السلام Insan Aur Mard He Hue Hain

تمام انبیائے کرام علیہم السلام انسان اور مرد ہی ہوئے ہیں

مجیب:ابوالفیضان عرفان احمد مدنی

فتوی نمبر: WAT-1628

تاریخ اجراء: 20شوال المکرم1444 ھ/11مئی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس بات کےبارےمیں کہ دنیا میں ایک لاکھ چوبیس ہزار کم وبیش انبیاء کرام آئے ،کیا سارے انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام  ہمارے جیسے انسان تھے یا کوئی اور انسان تھےجو ہماری طرح انسان نہیں ہیں،بلکہ کوئی اور انسانی مخلوق ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   تمام انبیائے کرام علیہم الصلوۃ و السلام انسان اور مرد ہی ہوئے ہیں، عورت یا غیر انسان ،مثلاًجنات وغیرہ میں سے کوئی نبی نہیں ہوا ۔اور نفسِ بشر یعنی انسان ہونے میں وہ ہم جیسے انسان ہی تھے ، ایسا نہیں ہے کہ انسان کی بھی کوئی اور قسم پائی جاتی ہو،بلکہ آج کے انسان  اور پہلے کے انسان ایک جیسے ہی تھے یعنی جسم کے اعضا ء جیسے آج کے انسان کے ہیں ، پہلے کے انسان کے بھی ایسے ہی تھے ، ہاں قد اور رنگت وغیرہ کے لحاظ سے فرق ہو اہے ، جیساکہ آج بھی مختلف علاقوں میں بسنے والوں کے رنگ اور قد مختلف ہوتے ہیں ، مگر اس سے نفسِ انسان ہونے میں کوئی فرق نہیں آتا ۔

     اور یہ بات یاد رہے ! انبیائے کرام علیہم  الصلوۃ والسلام بشر ضرور ہیں ، مگر وہ بے مثل وبے مثال بشر ہیں ،اللہ تعالیٰ نے ان کو اعلیٰ صفات و کردار کا مالک بنایا ہوتا ہے۔ وہ ہر بُری خصلت اور ہر ایسی بات سے پاک اور محفوظ  ہوتے ہیں، جو مخلوق کے لیے باعث ِنفرت ہوتی ہے ،حتی کہ ہر ایسی بیماری سے بھی پاک ہوتے ہیں جس سے انسان متنفر ہوتے ہیں ،مثلاً جذام ، برص وغیرہ ۔

   انبیائے کرام علیہم الصلوۃ والسلام، انسان  اور صرف مرد ہی ہوئے ہیں ، چنانچہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :( وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ اِلَّا رِجَالًا نُّوْحِیْۤ اِلَیْهِمْ)ترجمہ کنز العرفان :ا ور ہم نے تم سے پہلے مرد ہی بھیجے جن کی طرف ہم وحی کرتے تھے۔(پارہ 14 ،سورۃ النحل ، آیت 43)                                                                                    

   اس آیت مبارکہ کے تحت تفسیر خازن کے حوالے سےصراط الجنان فی تفسیر القران میں ہے : "سنتِ الٰہی اسی طرح جاری ہے، ہمیشہ اس نے انسانوں میں سے مردوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا ہے۔"(خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۴۳، ۳ / ۱۲۳-۱۲۴)(صراط الجنان ، جلد5، صفحہ 319، مطبوعہ: مکتبۃ المدینہ ، کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم