Wahi Ki Kitni Soratain Hain?

وحی کی کتنی صورتیں ہیں؟

فتوی نمبر:WAT-174

تاریخ اجراء:15ربیع الاول 1443ھ/22اکتوبر2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں نے سنا ہے کہ وحی کی سات صورتیں  ہیں ان میں سے ایک صورت  الہام  (دل میں بات ڈالنا ہے) ہے ،تو میرا سوال یہ ہے کہ بقیہ چھ صورتیں کونسی ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مفتی شریف الحق امجدی  رحمۃ اللہ علیہ نے نزھۃ القاری میں انبیاء  کرام  علیہم الصلوۃ والسلام کے حق میں وحی کی تین اقسام بیان کرنے کےبعد،اس  کی  سات صورتوں کو بیان کیا ہے، جن کا خلاصہ یہ ہے کہ  :

   (1)خواب میں، جیسے حضرت ابراہیم  علیہ السَّلام کو خواب میں حضرت اسماعیل  علیہ السَّلام  کی قربانی کا حکم ہوا۔

   (2)دل میں کوئی بات ڈالی جائے۔

   (3)گھنٹی کی آواز کی صورت میں وحی آئے۔ وحی کی یہ قسم نبیِّ پاک  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پر سب سے زیادہ بھاری تھی ۔

   (4)فرشتہ کسی  مرد کی شکل میں آکراللہ پاک کا کلام پیش کرے، جیسے حضرت جبریل علیہ السَّلام اَعرابی(دیہاتی)کی صورت میں اور حضرت دِحْیہ کَلْبی رضی اللہ عنہ کی شکل میں بھی حاضر ہوتے تھے۔

   (5)جبریل امین  علیہ السّلام اپنی اصل شکل میں حاضرِ خدمت ہوں کہ ان کے 600بازو ہیں، جن سے یاقُوت اور موتی جھڑتے ہیں۔

   (6)حضرت اسرافیل علیہ السَّلام وحی لے کر حاضر ہوں، جیسا کہ امام شعبی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ ابتداءً تین سال حضرت اسرافیل علیہ السَّلام وحی لانے پر مقررتھے، پھر یہ خدمت جبریلِ امین علیہ السَّلام کے سپرد ہوئی اور انہی کے ذریعے پورا قراٰن کریم نازل ہوا۔

   (7)انبیائے کرام علیہم  الصَّلٰوۃ وَالسَّلام پردے کے پیچھے سے یا بلاپردہ اللہ پاک کا کلام سنیں۔ یہ سننا چاہے بیداری میں ہو جیسے شبِ معراج حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اور کوہِ طور پر حضرت موسیٰ علیہ السَّلام نے سنا، چاہے خواب میں ہو جیسے نبی کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نےسناجس کاذکرترمذی شریف میں ہے۔(نزھۃ القاری،  جلد 1 ، صفحہ235 -234،فرید بک سٹال،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم