Kya Aulia Malaika Se Afzal Hain ?

کیا اولیاء ملائکہ سے افضل ہیں ؟

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1364

تاریخ اجراء: 05رجب المرجب1445 ھ/17جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا یہ بات درست ہے کہ جو فرشتے رسول نہیں ہیں، دوسرے فرشتے ہیں، ان سے اولیائے کرام افضل ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اسی طرح کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے امامِ اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”حدیث میں ہے رب العزۃ جل و علا فرماتا ہے:” عبدی المؤمن احب الیّ من بعض ملئٰکتی  “میرا مسلمان بندہ مجھے میرے بعض فرشتوں سے زیادہ پیارا ہے۔

   ہمارے رسول ملائکہ کے رسولوں سے افضل ہیں، اور ملائکہ کے رسول ہمارے اولیاء سے افضل ہیں، اور ہمارے اولیاء عوام ملائکہ یعنی غیر رسل سے افضل ہیں اور یہاں عوام مومنین سے یہی مراد ہے، نہ فسّاق و فجار کہ ملائکہ سے کسی طرح افضل نہیں ہوسکتے۔ انسان صفت ملکوتی و بہیمی وسبعی وشیطانی سب کا جامع ہے جو صفت اس پر غلبہ کرے گی اس کے منسوب الیہ سے زائد ہوجائے گا کہ اگر ملکوتی صفت غالب ہوئی کروڑوں ملائکہ سے افضل ہوگا ۔اور بہیمی غالب ہوئی، تو بہائم(یعنی چوپایوں) سے بدتر۔ اُولٰٓىٕكَ كَالْاَنْعَامِ بَلْ هُمْ اَضَلُّ ؕ۔( جو چوپایوں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بڑھ کر گمراہ ہیں۔ت) یونہی سبعی و شیطانی“(فتاویٰ رضویہ، جلد29، صفحہ 391۔392، رضا فاونڈیشن، لاہور )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم