Shahzada e Rasool علیہ الصلوۃ والسلام Hazrat Ibrahim رضی اللہ تعالی عنہ ki walida ka naam

شہزادہ رسول  علیہ الصلوۃ والسلام،حضرت ابراہیم رضی اللہ تعالی عنہ کی والدہ کانام

مجیب: ابو حذیفہ محمد شفیق عطاری

فتوی نمبر: WAT-1407

تاریخ اجراء:       25رجب المرجب1444 ھ/17فروری2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے شہزادے حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کی والدہ حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا تھیں، کیا یہ درست ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں ، یہ درست ہے ۔ در اصل حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کے علاوہ نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تمام اولاد حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے پیدا ہوئی جبکہ حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا سے پیدا ہوئے ، جو کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی امِ ولد کنیز تھیں اور امِ ولد ایسی کنیزکو کہتے ہیں کہ جس سے اس کے آقا کی اولاد پیدا ہوئی ہو۔

   شیخ الحدیث حضرت علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں لکھتے ہیں: ”حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ان کو مصر و سکندریہ کے بادشاہ مقوقس قبطی نے بارگاہِ اقدس میں چند ہدایااور تحائف کے ساتھ بطورہبہ کے نذر کیا تھا ۔ ان کی ماں رومی تھیں اورباپ مصری ، اس لیے یہ بہت ہی حسین و خوبصورت تھیں۔یہ حضور صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی امِ ولد ہیں کیونکہ آپ کے فرزند حضرت ابراہیم رضی اﷲ تعالیٰ عنہ ان ہی کے شکم مبارک سے پیداہوئے تھے۔ کنیزہونے کے باوجود حضوراقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم ان کو پردہ میں رکھتے تھے اور ان کیلئے مدینہ طیبہ کے قریب مقام ''عالیہ'' میں آپ نے ایک الگ گھر بنوا دیا تھا ، جس میں یہ رہاکرتی تھیں اورحضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام ان کے پاس تشریف لے جایا کرتے تھے ۔۔۔ حضرت ابراہیم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ، یہ حضورِ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی اولادِ مبارکہ میں سب سے آخری فرزند ہیں۔یہ ذوالحجہ ۸ھ؁ میں مدینہ منورہ کے قریب مقام ''عالیہ'' کے اندر حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے شکم مبارک سے پیدا ہوئے۔ اس لیے مقام عالیہ کادوسرا نام ''مشربۂ ابراہیم ''بھی ہے۔ ملخصا “(سیرتِ مصطفٰی ، ص685۔688 ، مکتبۃ المدینہ ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم