Wafaat Ki Iddat Me Tail Lagana Thk Hai Ya Nahi ?

عدت وفات والی کاسرکے بالوں میں تیل لگانا

مجیب: ابوحفص محمد عرفان مدنی عطاری

فتوی نمبر: WAT-997

تاریخ اجراء:       20محرم الحرام1444 ھ/20اگست2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا عدت وفات والی عورت بالوں میں تیل نہیں لگا سکتی ، اس کے بال بہت سوکھے ہو گئے ہیں اور ٹوٹ رہے ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عدت وفات(یعنی سوگ کی حالت) میں عورت کو ہر قسم کی زینت ناجائز ہے اور تیل لگانا بھی زینت ہے ، لہٰذا عام حالات میں دوران عدت سرمیں تیل نہیں لگاسکتی ، اور اگرواقعی مجبوری کی صورت ہوجائے کہ تیل نہ لگانے سے بال کثرت سے گریں گے اوران کوگرنے سے بچانے کے لیے تیل لگاناہی پڑے گاتواب صرف بالوں کے علاج کی نیت سے ،ضروری حدتک بغیرخوشبووالا تیل لگاسکتی ہے ۔

   بہار شریعت  میں ہے : ”عذر کی وجہ سے اِن چیزوں کا استعمال کر سکتی ہے مگر اس حال میں اُسکا استعمال زینت کے قصد (ارادے) سے نہ ہو مثلاً درد سر کی وجہ سے تیل لگاسکتی ہے یا تیل لگانے کی عادی ہے جانتی ہے کہ نہ لگانے میں دردسر ہو جائیگا تو لگانا جائز ہے۔ یا دردسر کے وقت کنگھا کرسکتی ہے مگر اُس طرف سے جدھر کے دندانے موٹے ہیں اُدھر سے نہیں جدھر باریک ہوں کہ یہ بال سنوارنے کے ليے ہوتے ہیں اور یہ ممنوع ہے۔“ ( بہارشریعت،جلد2 ، حصہ8 ، صفحہ 242 ،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم