Kafir Ke Salam Ka Jawab Kis Tarah Diya Jaye ?

کافر کے سلام کا جواب کس طرح دیا جائے؟

مجیب: مفتی ھاشم صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Lar:6147

تاریخ اجراء:27صفرالمظفر1438ھ/28نومبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیافرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ اگرکافرسلام کرےتو اس  کا جواب کس طرح دیا جائے ؟ اور اس میں ذمی وحربی کافر میں  کچھ فرق ہے یا دونوں کا ایک حکم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    ہمارے زمانے میں تمام کفار حربی ہیں اور حربی کافر کو بلا خوفِ فتنہ جوابِ سلام دینے کی اجازت نہیں البتہ جواب نہ دینے میں اگرکسی  فتنہ کا خوف ہو تو جواب دے سکتے ہیں مگر جواب میں الفاظ مروجہ جن میں نہ سلام  ہو نہ اس کی تعظیم ،مثلا جناب ،صاحب یافقط ہاتھ ہلا دینا وغیرہ سے اگر کام چلتا ہوتوفقط اتنے الفاظ ہی کہے جائیں،ورنہ وہ اکیلاہوتوجوابافقط علیک یاوعلیک “کہہ دیں اوراگرزیادہ ہوں تو” علیکم“یا”وعلیکم“کہہ لیں اور اگر اسقدر پراقتصار میں بھی فتنے کا  خوفِ صحیح ہوتو  جوابا اس کے فرشتوں کی نیت سے وعلیکم السلام  کہہ سکتے ہیں ۔

    رہا ذمی کافر تواسے بلا خوف فتنہ بھی جواب سلام دینا چاہیے  کہ اس کو جواب نہ دینے  میں اسے ایذا دینا ہے اور ذمی کو ایذا دینا شرعا ممنوع ہے جبکہ جواب دینا احسان ہے اور ذمی پر احسان مستحب ہے البتہ اس کے جواب میں بھی وہ ہی الفاظ علیک یاوعلیک “اورزیادہ کے لئے” علیکم“یا”وعلیکم“ کہنے ہوں گے یا فر شتوں کی  نیت سے پورا جواب  بھی دے سکتے ہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم