Online Shopping Karte Waqt Card Payment Karna Kaisa ?

آن لائن شاپنگ کرتے وقت کارڈ پیمنٹ کرنا کیسا؟

مجیب:مفتی محمد قاسم عطاری

تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضان مدینہ جولائی 2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ مختلف کمپنیز سے آن لائن سامان منگوانے کے لیے سامان آرڈر کرتے وقت ہی کارڈ پیمنٹ کی جاتی ہے یعنی سامان کی پیمنٹ پہلے ہو جاتی ہے اور سامان بعد میں دوسرے تیسرے یا چوتھے دن کسٹمر تک پہنچتا ہے کیا سامان کسٹمر تک پہنچنے سے پہلے ہی کارڈ پیمنٹ کرنا جائز ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں کارڈ کے ذریعے پیمنٹ کی ادائیگی پہلے کردینا جائز ہے،اس میں کوئی حرج نہیں،کیونکہ جب مبیع و ثمن کی مقدار وغیرہ کی تعیین ہوجائے (یعنی جو چیز بیچی جارہی ہے اس کی مکمل وضاحت کردی گئی ہے کہ وہ کس طرح کی ہوگی اور جس قیمت پر خریدی گئی وہ بھی مقرر ہے)اور دیگر بیع کی تمام شرائط پائی جائیں تو اس کے بعد محض مبیع پر قبضہ نہ کرنے کی وجہ سے بیع فاسد نہیں قرار دی جائے گی،کیونکہ بیع کے صحیح ہونے کیلئے مبیع پر قبضہ کرلینا شرط نہیں،بلکہ بیع تو فقط ایجاب و قبول یا اس کے قائم مقام تعاطی وغیرہ کے ذریعے منعقد ہوجاتی ہے، البتہ اس طرح کی منقولی(Moveable) چیز پر قبضہ کیے بغیر آگے بیچنا جائز نہیں ہے کیونکہ آگے بیچنے کے لیے اس چیز پر قبضہ ضروری ہے۔

   یاد رہے کہ یہ بیع سلم نہیں، بیع مطلق ہے،کیونکہ بیع مطلق میں مبیع کا موجود ہونا ضروری ہے،اور یہاں ایسا ہی ہوتا ہے کہ مبیع فی الحال موجود ہوتی ہے ہاں یہ ہے کہ ادائیگی پہلے کردی گئی ہے اور مبیع پر فی الحال قبضہ نہیں اور یہ بیع مطلق کے منافی نہیں ہے۔اسی طرح بیع مطلق میں پورے ثمن پر فی الحال قبضہ کرلینا ضروری نہیں ہے، جبکہ بیع سلم کی صورتحال اس سے بہت مختلف ہے کیونکہ بیع سلم کی کچھ مخصوص شرائط ہیں جن کے بغیر وہ منعقد ہی نہیں ہوتی،جس کی کافی تفصیل بہارِ شریعت حصہ 11 بیع سلم کے بیان میں ہے، ان میں سے ایک شرط مکمل ثمن فی الحال مسلم الیہ کو دے دینا اور مسلم الیہ کا اس پر قبضہ کرلینا ہے اس کے بغیر بیع سلم فاسد ہوجاتی ہے، اسی طرح بیع سلم میں فی الحال مبیع موجود نہیں ہوتی۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم