Dua Qabool Kyun Nahi Hoti?

دعا قبول کیوں نہیں ہوتی ؟

مجیب: مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-481

تاریخ اجراء: 20 جمادی الاخری  1443ھ/24جنوری 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بہت دعائیں مانگتے ہیں لیکن پریشانیاں ختم نہیں ہوتیں ،اس حوالے سے رہنمائی فرمادیں ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   دُعا مانگنےمیں اللہ تعالی اور اُس کے  پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی اِطاعت بھی ہے،دُعا مانگنا سُنَّت بھی ہے، دُعا مانگنے سے عبادَت کا ثواب بھی ملتا ہے نیز دُنیا و آخرت کےبے شمار  فوائد حاصِل ہوتے ہیں۔ بعض اَوقات قبولیت دُعا کے  اظہار میں  تاخیر ہوجا تی ہے توذِہن میں یہ بات آتی ہے کہ دُعا آخر قبول کیوں نہیں ہوئی۔تو اس موقع پر قبولیت دعا میں تاخیر کی وجہ سے گھبرانا نہیں چاہیے،بلکہ دعا  اگر قبول نہ بھی ہو تو رائیگاں نہیں جاتی ۔جیسا کہ حدیث مبارک میں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دُعا بندے کی ، تین باتوں سے خالی نہیں ہوتی:   {۱} یا اُس کا گناہ بخشا جا تا ہے۔یا {۲} دنیا میں  اُسے فائدہ حاصل ہوتا ہے ۔یا  {۳}  اُس کے  لئے آخرت میں  بھلائی جمع کی جا تی ہے کہ جب بندہ آخرت میں  اپنی دُعاؤں کا ثواب دیکھے گا جو دُنیا میں  مستجا ب (یعنی مقبول )  نہ ہوئی تھیں تمنا کرے گا: کاش !دُنیا میں  میری کوئی دُعا قبول نہ ہوتی اور سب یہیں (یعنی آخرت)  کے  واسطے جمع رہتیں ۔(اَلْمُستَدرَک ج۲ص۱۶۵حدیث۱۸۶۲، احسنُ الوعا ء ص۵۵)

   نیز یہ بھی یاد رہے کہ دعا کے  آداب میں  سے یہ بھی ہے کہ  بندہ دُعا کے  قبول میں  جلدی نہ کرے۔ حدیث شریف میں  ہے کہ خدائے تعالیٰ تین آدمیوں کی دُعا قبول نہیں کرتا۔ایک وہ کہ گناہ کی دُعامانگے۔دوسرا وہ کہ ایسی بات چاہے کہ قطع رِحم ہو۔تیسرا وہ کہ قبول میں  جلدی کرے کہ میں  نے دُعا مانگی اب تک قبول نہیں ہوئی۔( مسلم ص ۱۴۶۳ حدیث۲۷۳۵)

   اس حدیث میں  فرمایا گیا ہے کہ ناجا ئز کام کی دُعا نہ مانگی جا ئے کہ وہ قبول نہیں ہوتی۔نیز کسی رِشتے دار کا حق ضائع ہوتا ہوایسی دُعا بھی نہ مانگیں اور دُعاکی قبولیت کیلئے جلدی بھی نہ کریں ورنہ دُعا قبول نہیں کی جائے گی۔

   نوٹ:دعا کی قبولیت کے مواقع اور عدم قبولیت کے اسباب کی معلومات کے لیے علامہ مولانا مفتی نقی علی خان رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب "احسن الوعاء" المعروف "فضائل دعا" ضرور مطالعہ فرمائیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم