Lottery Ke Card Aur Coupon Ki Khareed o Farokht

لاٹری کے کارڈ اور کوپن کی خرید و فروخت

مجیب: مفتی  ھاشم خان عطاری مدنی

تاریخ اجراء:     ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ان مسائل  کے بارے میں  کہ

   (1)بعض دکاندار ايك خاص قسم كی لاٹری بیچتے ہیں جس کی تفصیل یہ ہے کہ اس میں ایک کارڈ کئی کوپنز پر مشتمل ہوتا ہے ، گاہک ایک کوپن کو سکریچ کرنے کے پانچ روپے ادا کرتا ہے ، بسا اوقات تو مخصوص مقدار میں اس کے زائد پیسے نکل آتے ہیں جو دکاندار نے اپنی طرف سے ادا کرنے ہوتے ہیں اور بسا اوقات کوپن بالکل خالی ہوتا ہے اور گاہک کے پیسے دکاندار کے پاس چلے جاتے ہیں ، ایک کارڈ کے تمام کوپنز جب بک جائیں تو آخر پر دکاندار کو تقریبا ًایک سو پچاس روپے کا نفع ہوتا ہے اور جن کے کوپن خالی نکلے ہوتے ہیں ان کے پیسے ضائع چلے جاتے ہیں اب شرعی رہنمائی فرما دی جائے کیا ایسی لاٹری کا رکھنا اور بیچنا جائز ہے ؟

   (2) اگر ایسی لاٹری بیچنا ناجائز ہے تو جو دکان دار ایسی لاٹری بیچتا رہا ، یا جن لوگوں نے ایسی لاٹری کو خریدا ان کےلئے کیا حکم ہو گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   (1) لاٹری کی جس صورت کے بارے میں پوچھا گیا ہے وہ شرعاً ناجائز و حرام ہے ، کیونکہ یہ قمار یعنی جوئے پر مشتمل ہے اور جوا شرعاًناجائز و حرام ہے ۔

اس کی تفصیل یہ ہے کہ  اس صورت میں  یا تو کوپن سکریچ کرنے والے کے پانچ روپے ضائع ہو جائیں گے یا اسے دکاندار کی طرف سے  مخصوص مقدار  میں زیادہ پیسے ملیں گے ، اسی طرح  دکان دار کو یا تو گاہک کے پانچ روپے مل جائیں گے یا اسے اپنی طرف سے زیادہ پیسے ادا کرنے  پڑیں گے ، اسی چیز کا نام جوا ہے ، جس کے حرام ہونے پر قرآن و سنت میں متعدد دلائل موجود ہیں ۔

    ( 2 )  جو دکان دار  ایسی لاٹری بیچتا رہا ، یا جن لوگوں نے ایسی لاٹری کو خریدا  ان پر لازم ہے کہ سچی توبہ  کریں ، اورکوپن خالی نکلنے کی وجہ سے جن لوگوں کے پیسے دکان دار کے پاس چلے گئے تھے دکان دار ان کے پیسے ان کواور وہ نہ ہوں تو ان کے ورثاء کوواپس کرے اور اگر ان لوگوں یاان کے ورثاء کا کچھ پتا نہ چلے کہ کون کون تھے  تو ان کی نیت سے خیرات کر دے ، اور جن لوگوں نے دکان دار سے  مخصوص مقدار میں زیادہ رقم لی وہ سب دکان دار کو واپس کریں ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم