Musht Zani Ka Hukum Aur Is Se Bachne Ka Tarika

مشت زنی کا حکم اور اس سے بچنے کا طریقہ

مجیب:ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-532

تاریخ اجراء:07ربیع الاول1444ھ/04اکتوبر2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مشت زنی سے بچنے کےلیے کوئی وظیفہ بتادیں ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    مشت زنی کرنا، سخت ناجائزوحرام وگناہ ہےاوراس عمل  کا مرتکب گنہگارو عاصی ہے۔ اصرار کے سبب مرتکب کبیرہ اور  فاسق ہے۔  ایسے شخص پر لازم ہے کہ وہ اپنے  اس قبیح فعل سے  توبہ کرے اللہ عزوجل سے سچے دل سے معافی طلب کرے اور آئندہ اس فعل سے  بچنے کا پختہ ارادہ  کرے  اگر توبہ نہیں کرے گا تو حشر میں  ایسے کی ہتھیلیاں گابھن اٹھیں گی ،جس سے  اتنی مخلوق کے سامنے اس کی رسوائی ہوگی۔

    اس برے فعل سے بچنے کے لیے ایک تواپنی صحبت اچھی کرے کہ گناہوں بھرے ماحول اورگناہوں کی طرف لے جانے والے دوستوں سے بچے ۔اسی طرح گندے خیالات سے اپنے آپ کوبچائے ۔ایسی غذاجس سے شہوت ابھرتی ہو،اس سے اپنے آپ کوبچائے ۔شادی شدہ نہیں توحتی الامکان جلدازجلداس کاانتظام کرے۔اس میں رکاوٹ ہوتوحتی الامکان کھاناکم کھائے ،روزوں کی کثرت کرے ۔

    ایسی تنہائی جواس برے کام کی طرف لے کرجائے ،اس سے اپنے آپ کوبچائے ۔وغیرہ وغیرہ ،جن چیزوں کواس برے فعل کاسبب سمجھتاہے ،ان سے بچے ۔

    پھراس فعل کے کرنے پرجوسزابیان فرمائی گئی اسے ذہن میں دہرائے ۔اللہ تعالی کی ناراضی کاخوف ذہن میں لائے ۔

    اس کے ساتھ ساتھ لاحول شریف کی کثرت کرے ۔پانچوں نمازوں کی پابندی کرے اورصبح کی نمازکے بعدبلاناغہ  گیارہ بارسورہ اخلاص پڑھنے کاورد جاری رکھے۔

    سیدی اعلی حضرت  امام احمد رضا  خان علیہ الرحمہ سے سوال ہے:ایک شخص مجلوق ہے وہ اپنے اس فعل سے نہیں مانتا ہر چند اس کو سمجھایا ہے آپ تحریر فرمائیں کہ اس کا کیاحشر ہوگا؟ اور اس کو کیا دعا پڑھنا چاہئے جس سے اس کی عادت چھوٹے۔

    شیخ الاسلام والمسلمین ،سیدی امام اہل سنت،امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں :” وہ گنہگار ہے۔ عاصی ہے۔ اصرار کے سبب مرتکب کبیرہ ہے۔ فاسق ہے۔ حشر میں  ایسوں کی ہتھیلیاں گابھن اٹھیں گی ،جس سے مجمع اعظم میں ان کی رسوائی ہوگی ،اگر توبہ نہ کریں، اور اللہ معاف فرماتا ہے،جسے چاہے اور عذاب فرماتاہے جسے چاہے۔ اسے چاہئے لاحول شریف کی کثرت کرے اور جب شیطان اس حرکت کی طرف بلائے فورادل سے متوجہ بخدا ہوکر لاحول پڑھے نماز پنجگانہ کی پابندی کرے نماز صبح کے بعد بلاناغہ سورۃ اخلاص شریف کا ورد رکھے۔(فتاوی رضویہ، جلد22 ،صفحہ244رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)

    امام اہلسنت علیہ الرحمۃ"الوظیفۃ الکریمۃ "میں صرف صبح کےوقت پڑھے جانے والے اورادذکرکرتے ہوئے  فرماتےہیں:”سورہ اخلاص گیارہ بار ،اگر شیطان مع اپنے لشکر کے کوشش کرے کہ اس سے گناہ کرائے نہ کرا سکے جب تک کہ یہ خود نہ کرے۔"(الوظیفۃ الکریمۃ،ص 21،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم