Dimpleplasty Surgery Karwana Kaisa ?

ڈمپل پلاسٹی سرجری کروانا کیسا ؟

مجیب: مفتی محمد قاسم عطّاری

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ ڈِمپلز ( Dimples )  کے لئے گالوں میں سرجری کروانا کیسا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   منہ کی دونوں جانب گالوں یا ٹھوڑی پر پڑنے والے چھوٹے چھوٹے گڑھوں کوڈِمپلز (Dimples) کہتے ہیں ، جو عموماً ہنستے وقت دکھائی دیتے ہیں اور انہیں چہرے میں خوبصورتی کا سبب سمجھا جاتا ہے۔بعض لوگوں کے چہرے پہ قدرتی طور پر ڈمپلز ہوتے ہیں ، جبکہ بعض اس کے لئے سرجری کرواتے ہیں ، جسے ( Dimpleplasty ) کہا جاتا ہے۔ اس میں گالوں کے اندرونی حصہ سے کچھ گوشت نکال دیا جاتا ہے ، جس کی وجہ سے ہنستے وقت گالوں پر ڈمپلز دکھائی دیتے ہیں۔

   اس تفصیل کے بعد حکمِ شرعی یہ ہے کہ ڈِمپلز بنوانے کے لئے سرجری کروانا ، ناجائزوحرام اور گناہ ہے ، کیونکہ یہ اللہ پاک کی تخلیق یعنی اس کی پیدا کی ہوئی چیز میں تبدیلی کرنا ہے اور اللہ پاک کی تخلیق میں خلافِ شرع تبدیلی حرام اور گناہ ہے ، قراٰن و حدیث میں اسے شیطانی کام اور باعثِ لعنت قرار دیا گیا ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم