Ethical Hacker Ka Kisi Company Ka System Hack Kar Ke Paise Kamana

ایتھیکل ہیکر کا کسی کمپنی کا سسٹم ہیک کرکے پیسے کمانا

مجیب: مفتی ابو محمد علی اصغر  عطاری  مَدَنی

تاریخ اجراء:     ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائےکرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میں ایک سافٹ ویئر ڈیولپر ہوں اور ایتھیکل ہیکر ہوں۔ ہمارا کام یہ ہوتا ہے کہ کمپنیز ہم سے سافٹ ویئر وغیرہ بنواتی ہیں اور وہ خود ہمیں کہتی ہیں کہ ہمارا سافٹ ویئر ہیک کریں تاکہ انہیں اپنے اس سافٹ ویئر کی کمزوریاں معلوم ہوں اور اس کو فول پروف کروالیں۔ بعض کمپنیاں ایسی ہیں جو ہمیں دوسری کمپنیوں کے سافٹ ویئرز کو بھی ہیک کرنے کا کہتی ہیں کیا ایسا کرنا جائز ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :   ” لا ضرر و لا ضرار فی الاسلام “  ترجمہ :  اسلام ضرر اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتا۔  ( معجم الاوسط، 6 / 91 )

   آپ کا کام اس حد تک تو ٹھیک ہے کہ ایک کمپنی آپ کو اپنے سافٹ ویئر وغیرہ کی کمزوریاں جاننے اور ان کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے ہائیر کرتی ہے اور آپ اسی کمپنی کی رینج میں رہتے ہوئے اپنا کام کرتے ہیں یعنی اسی کمپنی کے سافٹ ویئر کو ہیک کرکے اس کے نقائص کا جائزہ لیتے ہیں، یہ تو جائز ہے لیکن اگر کسی اور کمپنی کے سافٹ ویئرز ہیک کرنے کی بات آئے تو ایسا کرنا ہرگز جائز نہیں کہ آپ کسی اور کمپنی کی ویب سائٹ یا سافٹ ویئرز ہیک کرکے اسے نقصان پہنچائیں یا اس کی ذاتی پرائیویسی میں دخل انداز ی کریں جب کوئی ہیکر کسی کمپنی کی ویب سائٹ یا سافٹ وئیر کو ہیک کرتا ہے تو زیادہ تر مقصد نقصان پہنچانا ہوتا ہے کہ اس کی وجہ سے کمپنی کی سروسز رک جائیں گی، اس کی بعض چیزیں معطل ہوجائیں گی، اس کی پرائیویسی ڈیمیج ہوجائے گی، اس کے کاغذات لیک یا چوری ہوجائیں گے کیونکہ مد مقابل  ( Competitor )  کی پرائیویسی بھی بہت بڑا ہتھیار ہوتی ہے کہ وہ کیا سوچ رہا ہے کیا بنانے جارہا ہے وغیرہ۔ لہٰذا اس کا سسٹم ہیک کرکے اس طرح کی معلومات چرانا یا اس کی سروسز معطل کردینا یا پرائیویسی میں دخل اندازی کرنا ہرگز جائز نہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم