Gusse Ka Ilaj

غصے کاعلاج

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2041

تاریخ اجراء: 17ربیع الاول1445 ھ/04اکتوبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مجھے  غصہ بہت آتا ہے اس کے لیے کوئی وظیفہ ارشاد فرمادیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جب غصہ آجائے تو ان میں سے کوئی بھی ایک یاضرور تاً سارے علاج فرمالیجئے : {۱} اَعُوْذُ بِاللّٰہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیم پڑھئے {۲}لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہ پڑھئے {۳}چپ ہوجائیے {۴} وُضو کرلیجئے {۵}ناک میں پانی چڑھایئے {۶} کھڑے ہیں تو بیٹھ جائیے {۷}بیٹھے ہیں تو لیٹ جائیے ۔    (احیاء العلوم ج۳ ص۲۱۵) {۸} جس پر غصہ آرہا ہے اُس کے سامنے سے ہٹ جایئے {۹}سوچئے کہ اگر میں غصہ کروں گا تو ہو سکتا ہے دوسرا بھی غصہ کرے اور بدلہ لے ا ور مجھے سامنے والے کو کمزور نہیں سمجھنا چاہئے {۱۰} اگر کسی کو غصےمیں جھاڑ وغیرہ دیا تو خصوصیَّت کے ساتھ سب کے سامنے ہاتھ جوڑ کر اُس سے مُعافی مانگئے ، اِس طرح نفس ذلیل ہوگا اور آئندہ  غصہ نافذ کرتے وقت اپنی ذِلت یاد آ ئے گی اور ہوسکتا ہے یوں کرنے سے غصے کی عادت سے خلاصی(یعنی چھٹکارا) مل جائے {۱۱} یہ غور کیجئے کہ آج بندے کی خطا پر مجھے غصہ چڑھا ہے اور میں مُعاف کرنے کیلئے تیّار نہیں حالانکہ میری بے شمار خطائیں ہیں اگر اللہ پاک ناراض ہوگیا اور اُس نے مجھے معافی نہ دی تو میرا کیا بنے گا ! {۱۲}کوئی اگر زیادتی کرے یا خطا کر بیٹھے اور اس پر نفس کی خاطر غصہ آجائے اُس کو معاف کر دینا کارِثواب ہے تو{۱۳} غصہ آنے پر ذہن بنایئے کہ کیوں نہ میں معاف کر کے ثواب کا حق دار بنوں اور ثواب بھی کیسا زبردست کہفرمانِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہے : ’’قیامت کے روز اعلان کیا جائے گا جس کا اَجر اللہ پاک کے ذِمّۂ کرم پر ہے ، وہ اُٹھے اورجنت میں داخل ہو جائے ۔  پوچھا جائے گا: کس کے لیے اَجر ہے ؟ وہ منادی (یعنی اعلان کرنے والا ) کہے گا: ’’ان لوگوں کے لیے جو معاف کرنے والے ہیں  ۔ ‘‘ تو ہزاروں آدَمی کھڑے ہوں گے اور بلا حساب جنت میں داخِل ہوجائیں گے ۔ ‘‘(معجم اوسط ج۱ص۵۴۲حدیث۱۹۹۸مختصراً )(غصے کا علاج،صفحہ33،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   اس حوالے سے مزید تفصیلات کے لیے سیدی امیر اہلسنت دامت برکاتھم العالیہ کا رسالہ بنام"غصے کا علاج" درج ذیل لنک سے  ملاحظہ فرمائیں:

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/ghussay-ka-ilaj/page-1?stext=

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم