Kalaf Wala Libas Aur Tang Libas Pehnna Kaisa ?

کلف والا لباس اور  تنگ لباس پہنناکیسا؟

مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری

فتوی نمبر: 01

تاریخ اجراء: 09جمادی الثانی1427ھ/06جولائی2006ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ کلف ،نشاستہ دئے ہوئے کپڑے پہننا کیسا ہے ؟ پردے میں رہ کر تنگ کپڑے پہننا کیسا ہے ؟کہتے ہیں کہ جو دنیا میں تنگ کپڑے پہنتا ہے ، مرنے کے بعد اس کی قبر بھی تنگ ہوجاتی ہے کیا یہ بات درست ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   کلف اور نشاستہ دیا ہوکپڑا پہن سکتے ہیں ،کہ ممانعت کی کوئی وجہ نہیں، البتہ ایسا کپڑا تکبر یا فخر کے طور پر پہنے تو گناہ ہے یا کپڑا ایسا تنگ  ہو کہ اس  سے اعضاء کی ہیت معلوم ہوتو لوگوں کے سامنے پہننا منع ہے، لیکن یہ چیزیں مذکورہ بالا کپڑوں کے ساتھ خاص نہیں۔ کسی بھی کپڑے میں یہ وصف پایا جائے تو یہی حکم ہوگا۔ بغیر کسی شرعی وجہ کے ایسا تنگ کپڑا لوگوں کے سامنے پہنا جس سے بد نگاہی ہویا تکبر و فخر کے طور پر ایسا لباس پہنا  ، توممکن ہے کہ  گناہ ہونے کی وجہ سے بطورِ عذاب ایسی میت کےلئے  قبر تنگ ہوجائے، لیکن  بطورِ خاص اسی عمل پر کوئی ایسی وعید نظر سے نہیں گزری۔

   صدر الشریعہ مو لانا امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں ’’ ایسا دبیز کپڑاجس سے بدن کارنگ نہ چمکتا ہو مگر بدن سے بالکل چپکاہوا ہے کہ دیکھنے سے عضوکی ہیت معلوم ہوتی ہے ایسے کپڑے سے نماز ہو جائے گی مگر اس عضو کی طرف دوسرے کو نگاہ کرنا ، جائز نہیں اور ایسا کپڑا لوگوں کے سامنے پہننا بھی منع ہے ۔‘‘ (بھار شریعت ، حصہ 3 ، جلد 1 ، صفحہ 480 ، مکتبۃ المدینہ ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم