Kul Kitne Hazar Aalam Hain ?

کل کتنے ہزار عَالَم ہیں ؟

مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1277

تاریخ اجراء: 21جمادی الاول1445 ھ/06دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کل کتنے عَالَم ہیں، بعض کہتے ہیں کہ اٹھارہ ہزار عَالَم ہیں، کیا ایسا ہی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   کتاب ”اللہ والوں کی باتوں“ میں ہے:”حضرت سیِّدُنا انس رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُنا ابوالعالیہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے  اس فرمان باری تعالیٰ:فَلِلّٰہِ الْحَمْدُ رَبِّ السَّمٰوٰتِ وَ رَبِّ الْاَرْضِ رَبِّ الْعٰلَمِیۡنَ  ﴿۳۶   25، الجاثیۃ:36)(ترجمۂ کنزالایمان: تو اللہ ہی کے لئے سب خوبیاں ہیں آسمانوں کا رب اور زمین کا رب اور سارے جہان کا رب)کی تفسیر میں فرمایا: عالَم جن وانس کے علاوہ زمین پر فرشتوں کے 18ہزار عالَم ہیں۔ زمین کے چار کنارے ہیں اور ہر کنارہ چار ہزار عالَموں پر مشتمل ہے اور 500عالَم ایسے ہیں جنہیں اللہ عزوجل نے محض اپنی عبادت کے لئے تخلیق فرمایا ہے۔(حلیۃ الاولیاء ، مترجم ، جلد2، صفحہ340، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   اسی میں ہے:” حضرتِ سیِّدُنا وہب بن منبہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں: اللہ عزوجل کے اٹھارہ ہزار جہان ہیں اور دنیا ان میں سے ایک جہان ہے اور یہ ویرانے میں ایک عمارت اور صحرا  میں ایک خیمے کی مثل ہے۔“(حلیۃ الاولیاء ، مترجم ، جلد4، صفحہ96، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   سیدی اعلیٰ حضرت امام اہلسنت شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :” عالم اٹھارہ ہیں اور ہر ایک میں کثرت ِ مخلوقات کے سبب اسے ہزار سے تعبیر کیا۔ تینوں موالید جمادات، نباتات، حیوانات، اور چاروں عناصر، اور سات آسمان، اور فلک ِ ثوابت، فلک اطلس ، کرسی ، عرش ، افادہ الشیخ الاکبر محی الدین ابن عربی قدس سرہ(فتاوی رضویہ ، جلد29، صفحہ 253، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم