Mard Ka Mardana Hairband Istemal Karna Kaisa ?

مردوں کا مردانہ ہیئر بینڈ استعمال کرنا کیسا ؟

مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیافرماتےہیں علمائےدین ومفتیانِ شرعِ متین اس بارےمیں کہ مردانہ ہیئر بینڈ  ( Hairband )  جن کا آج کل رواج ہے وہ مردوں کا استعمال کرنا کیسا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اولاً یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ مرد کے لئے کندھوں تک بال بڑھانے کی اجازت ہے ، لیکن کندھوں سے نیچے بال بڑھانا ، ناجائز و حرام ہے کہ اس میں عورتوں کے ساتھ مشابہت ہے۔ اسی طرح مردكا اپنے بالوں پر ہیئر بینڈ (Hairband)لگانا بھی عورتوں کے ساتھ مشابہت کی وجہ سے ناجائز و حرام ہے کہ حدیثِ مبارک میں عورتوں کے ساتھ مشابہت اختیار کرنے والے مردوں پر لعنت کی گئی ہے۔نیز اس کی ممانعت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارے معاشرے میں یہ فساق میں رائج ہے اور فساق کے ساتھ مشابہت والی وضع قطع اختیار کرنا بھی ممنوع ہوتی ہے ، لہٰذا مردوں کا اپنے بالوں کے لئے ہیئر بینڈ کا استعمال کرنا ، ناجائز و حرام ہے۔

   اور جہاں تک مردانہ ہیئر بینڈ کی بات ہے ، تو اس کے متعلق عرض ہے کہ لوگوں میں جو ہیئر بینڈ مردانہ کے نام سے رائج ہیں ، ایسا نہیں کہ ” وہ عورتیں نہیں پہنتیں اور وہ محض مَردوں کے ساتھ خاص ہیں “ ، بلکہ مشاہدہ ہے کہ عورتیں بھی اپنے بالوں کو سنبھالنے یا سنوارنے کے لئے اس طرح کے ہیئر بینڈ استعمال کرتی ہیں ، جو مرد حضرات مردانہ سمجھ کر لگاتے ہیں۔ نیز ہیئر بینڈ اپنی اصلِ وضع  ( بناوٹ ) کے اعتبار سے بھی عورتوں کے لئے بنایا گیا ہے ، تو محض اسے مردانہ کہہ دینے سے زنانہ مشابہت ختم نہیں ہو گی ، بلکہ عام طور پر جس مرد نے بالوں پر ہیئر بینڈ لگایا ہو ، تو لوگ اسے عجیب نگاہوں سے دیکھتے اور اس کی حالت کو زنانہ وضع قطع ہی شمار کرتے ہیں۔

   نیز اگر بالفرض کوئی ایسا ہیئر بینڈ مارکیٹ میں ہو کہ جو خاص طور پر مردانہ ہو ، تو اگرچہ اس صورت میں عورتوں کے ساتھ تشبہ والا معنیٰ نہ پایا جائے ، لیکن پھر بھی ممانعت کا حکم باقی رہے گا اور اس کی وجہ ” فساق کے ساتھ مشابہت “ ہے یعنی ہمارے ہاں فساق و فجار لڑکے ہی اپنے بالوں پر ہیئر بینڈ لگاتے ہیں ، لہٰذا وہ مردانہ ہیئربینڈ بھی لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم