Napak Kapron Mein Tilawat Aur Zikr o Azkar Karna

ناپاک کپڑوں میں تلاوت اور ذکرواذکار کرنا

مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2189

تاریخ اجراء: 29ربیع ا الثانی1445 ھ/14نومبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا ناپاک کپڑوں میں تلاوت قرآن،  ذکر واذکار،کلمہ شریف اور درود پاک  وغیرہ پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ناپاک کپڑوں میں تلاوت قرآن، ذکر و اذکار،کلمہ شریف اور درود پاک پڑھناگناہ تو نہیں، لیکن ادب کے خلاف ہے۔  مستحب  یہ ہے کہ پاک  کپڑے پہن کر یا کپڑوں سے ناپاکی دور کرکے  تلاوت قرآن،ذکر واذکار،درود شریف وغیرہ پڑھا جائے ۔

   چنانچہ  صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ، بہار شریعت میں لکھتے ہیں:’’مستحب یہ ہے کہ باوضو قبلہ رو اچھے کپڑے پہن کر تلاوت کرے‘‘۔(بہار شریعت،جلد1،حصہ3،صفحہ 550،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فتاوی رضویہ میں ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: ”بہتر یہ ہے ایک وقت معین کرکے ایک عدد مقرر کر لے ، اُس قدر باوضو دو زانو، ادب کے ساتھ مدینہ طیبہ کی طرف منہ کرکے روزانہ عرض کیا کرے۔  جس کی مقدار سَو بار سے کم نہ ہو، زیادہ جس قدر نبھا سکے بہتر ہے ، علاوہ اس کے  اُٹھتے بیٹھتے ، چلتے پھرتے باوضو بے وضو ہر حال میں درود جاری رکھے۔(فتاوٰی رضویہ، جلد6، صفحہ183، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم