Rozi Mein Barkat Ka Wazifa

روزی میں برکت کا وظیفہ

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1876

تاریخ اجراء:19محرم الحرام1445ھ/07اگست2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مجھے کوئی وظیفہ بتا دیں جس کے کرنے سے اللہ تعالیٰ  میرے لیے روزی میں آسانی کردے، میں بہت تنگ دست ہوں ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   رزق میں اضافے کا ایک بے مثال وظیفہ کتب  میں مذکور ہے۔جب صبح صادق طلوع ہوجائے تویہ تسبیح سومرتبہ پڑھیں : " سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ،  سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ،  اَسْتَغْفِرُاللہَ"اول،آخر،دس دس مرتبہ درودشریف پڑھیں۔

   کوشش کریں ،صبح صادق ہوتے ہی  یہ تسبیح پڑھ لیں ،ورنہ حتی الامکان فجرکی سنتوں سے پہلے پڑھ لیں لیکن اس کی وجہ سے جماعت میں خلل نہ پڑے،اگربیچ میں جماعت قائم ہوجائےتوجماعت میں شریک ہوجائیں اورباقی تعدادبعد میں پوری کریں۔

    چنانچہ الخصائص الکبری میں حضرت ابن عمر رضی اللہ عنھما سے مروی ہے"أن رجلا قال يا رسول الله إن الدنيا أدبرت عني وتولت قال له فأين أنت من صلاة الملائكة وتسبيح الخلائق وبه يرزقون قل عند طلوع الفجر سبحان الله وبحمده سبحان الله العظيم استغفر الله مائة مرة تأتيك الدنيا صاغرة فولى الرجل فمكث ثم عاد فقال يا رسول الله لقد اقبلت علي الدنيا فما ادري أين أضعها"یعنی:ایک صَحابی نے عرض کی:یارسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ !  دنیا نے مجھ سے پیٹھ پھیرلی ۔ فرمایا: کیا وہ تسبیح تمہیں یادنہیں جو تسبیح ہے فرشتوں اور مخلوق کی جس کی بَرَکت سے روزی دی جاتی ہے،   جب صبحِ صادق طلوع ہو تو یہ تسبیح ایک سو بار پڑھا کرو،" سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ،  سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ،  اَسْتَغْفِرُاللہَ"دنیا تیرے پاس ذلیل ہو کر آئے گی۔   وہ صحابی چلے گئے کچھ مدّت ٹھہر کر دوبارہ حاضر ہوئے،  عرض کی:یارسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ!  دنیا میرے پاس اس کثرت سے آئی،   میں نہیں جانتا کہ اس کوکہاں رکھوں۔(الخصائص الکبریٰ،جلد2، صفحہ299،دار الکتب العلمیۃ،بیروت)

اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:" اس تسبیح کا وِرْد  حتَّی الامکان طُلُوع صبحِ صادِق کے ساتھ ہو ،  ورنہ (سنت)صبح سے پہلے ،  جماعت قائم ہوجائے تو اُس میں شریک ہوکر بعد کوعَدَد پورا کیجئے اور جس دن قبلِ نماز بھی نہ ہوسکے تو خیر طُلُوعِ شمس  (یعنی سورج نکلنے ) سے پہلے۔"(ملفوظات اعلی حضرت،حصہ01،ص 128،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   فتاوی رضویہ میں ہے "خاص طلوع صبح صادق کے وقت، اور نہ ہوسکے تو حتی الامکان سنتِ صبح سے پہلے سو بار  روزانہ پڑھیں۔۔۔اول آخردرودشریف ۱۰،۱۰ بار۔ اس کا ورد ہمیشہ رہے۔ اول وقت پڑھنے کی کوشش ہو مگر اس کے سبب جماعت میں خلل نہ پڑے۔اگر آنکھ دیر میں کھُلے سنتیں پڑھ کر اسے شروع کریں، اگر بیچ میں جماعت قائم ہو شریک ہوجائیں، باقی عدد بعد میں پُورا کریں۔"(فتاوی رضویہ،ج23،ص557،558،رضافاونڈیشن،لاہور)

   نوٹ:رزق میں تنگی کے اسباب اور رزق میں برکت و اضافے کے وظائف کی معلومات کے لیے درج ذیل لنک پر موجود سیدی امیر اہلسنت ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت برکاتھم العالیہ کا رسالہ ملاحظہ فرمائیں:

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/chirya-aur-andha-sanp

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم