مجیب: مفتی محمد ہاشم خان عطاری مدنی
تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضان مدینہ جون 2022
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں
علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کسی شخص نے اپنے منہ میں
سونے کا مصنوعی دانت فکس لگوایا ہوا ہو اور اس کا انتقال ہوجائے تو وہ
دانت نکالناہوگا یا ویسے ہی اس کو دفن کیا جائےگا؟اور
نکالے بغیر دفن کرنے میں مال کا ضائع کرنا تو نہیں پایا
جائے گا ؟واضح رہے کہ وہ دانت آسانی سے نہیں نکل سکتا بلکہ اس کو آپریٹ
، چیر پھاڑ وغیرہ کے ذریعے ہی نکالنا ممکن ہوتا
ہے۔ سائل : احمد ہادی (گڑھی شاہو لاہور)
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ
الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
میت کے
منہ میں سونے کامصنوعی دانت جو اس طرح فکس ہو کہ آپریشن ،
چیر پھاڑیا میت کو اذیت وتکلیف دیے
بغیر نکالنا ممکن نہ ہوتو اسے نہیں نکالیں گے بلکہ اس کے ساتھ
ہی میت کو دفن کیا جائے گاکیونکہ عندا لشَّرع مسلمان
کی عزت وحرمت زندہ ومردہ برابرہےاورمسلمان میت کے ساتھ کوئی
ایسا عمل کرناجس سے اسے اذیت و تکلیف ہو جائز نہیں ہے
حتی کہ احادیثِ طیبات میں مردے کی ہڈی توڑنا
اور اسے تکلیف پہنچانا ، اس کی زندگی میں اس کی
ہڈی توڑنے اور تکلیف پہنچانے کی طرح قرار دیا گیا
ہے اور فکس دانت کو نکالنے کے لیے آپریٹ یاچیرپھاڑ کرنے
میں بھی تکلیف وبے حرمتی ہے لہٰذا اسے بھی
نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
باقی جہاں تک معاملہ مال کے ضیاع کا ہے
تو بیشک ہماری شریعتِ مطہرہ نے مال کی حفاظت وصیانت
کی بہت زیادہ تاکید کی ہے اور اسے بلا وجہ ضائع کرنا
ناجائز قرار دیا ہے تاہم یہاں بلا وجہ ضائع کرنا نہیں
پایا جارہا بلکہ ایک مسلمان میت کو ایذا و تکلیف سے
بچانے کے لیے ایسا کیا جار ہا ہے اور اس میں بھی شک
نہیں کہ بندہ مومن کی حرمت ، مال کی حفاظت وصیانت سے
کہیں بڑھ کر ہے جب تک ظلم وتَعَدِّی کے ساتھ اس کو زائل نہ کرے اس وقت
تک اسی کالحاظ ہوگااور یہاں سونے کادانت لگانے میں ظلم وتعدی نہیں
ہےچنانچہ فقہاءِ کرام فرماتے ہیں کہ اگر کسی شخص کے پیٹ
میں کسی دوسرے شخص کا کوئی مال بغیر ظلم وتعدی چلا
گیا اور پھر وہ مرگیاتو اس کا پیٹ چاک کر کے نہیں نکالا
جائے گا بلکہ اگر ظلم وتعدی کے طور پر بھی نگل گیا لیکن
پیچھے اتنا مال چھوڑ گیا ہے جس سے تاوان ادا کیا جاسکتا ہے تو
پھر بھی اس کا پیٹ چاک کر کے نہیں نکالا جائے گا جبکہ مذکورہ
صورت میں تو وہ سونے کادانت کسی کا نہیں بلکہ اس نے اپنے مال سے
لگوایا تھاتو اسے نکالنے کے لیے اسے کیونکر تکلیف
دی جاسکتی ہے؟لہٰذا اس کی حرمت کا لحاظ کرتے ہوئے ،
آپریٹ یا تکلیف دے کر سونے کا دانت نکالنے کی اجازت
نہیں ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ
اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
تیجے کے چنوں کا مالدار کو کھانا کیسا؟
میت کے غیر ضروری بال کاٹنے کا حکم؟
غائبانہ نماز جنازہ پڑھنے کا حکم؟
کیا قبر میں شجرہ رکھ سکتے ہیں یا نہیں؟
میت کو دفن کرنے کے بعد قبر پر کتنی دیرتک ٹھہرنا چاہیے؟
قبر بیٹھنے کی صورت میں قبر کے اوپر کی تعمیر نو کرسکتے ہیں؟
نماز جنازہ کی تکرار کرناکیسا ہے؟
غسل میت سے پہلے میت کے پاس تلاوت کرنا کیسا؟