Azan Ka Jawab Dene Par Kitni Nekiyan Milti Hain ?

اذان کا جواب دینے پر کتنی نیکیاں ملتی ہیں ؟

مجیب:مولانا محمد ماجد علی مدنی

فتوی نمبر:WAT-2887

تاریخ اجراء: 13محرم الحرام1446 ھ/20جولائی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   عورتوں کو اذان کا جواب دینے پر کتنی نیکیاں ملتی ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عورتوں کو اذان کا جواب دینے پر ملنے والے ثواب کے متعلق  تاريخ دمشق لابن عساکر  میں ایک روایت لکھی ہے ”قام النبي صلى الله عليه وسلم بين صف الرجال والنساء فقال " يا معشر النساء إذا سمعتن هذا الحبشي يؤذن ويقيم يعني بلالا  فقلن كما يقول فإن الله يكتب لكن بكل كلمة مائة ألف حسنة ويرفع لكن ألف درجة ويحط عنكن ألف سيئة " قال فقلن يا رسول الله هذا للنساء فما للرجال قال للرجال ضعفين ترجمہ: نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم ا یک بار عورتوں اور مردوں کے درمیان کھڑے ہوئے  اور فرمایا :اے عورَتوں کی جماعت!جب تم بِلال  کواذان واِقامت کہتے سنوتوجس طرح وہ کہتاہے تم بھی کہوکہ اللہ عزوجل تمہارے لئے ہر کلمے کے بدلے ایک لاکھ نیکیاں لکھے گا اور ایک ہزار دَرَجات بُلند فرمائے گا اورایک ہزارگناہ  مٹائے گا۔خواتین نے یہ سُن کر عرض کی:یہ توعورَتوں کیلئے ہے مردوں کیلئے کیاہے؟فرمایا:مردوں  کیلئے دُگنا ۔(تاريخ دمشق لابن عساکر،ج 55،ص 75،76، دار الفكر،بیروت)

   امیر اہلسنت  محمد الیاس عطار قادری دا مت برکاتہم العالیہ اپنی مایہ ناز کتاب" نماز کے احکام" میں  اس روایت  کو نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں :” میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اللہ عزوجل کی رَحمت پرقربان!اُس نے ہمارے لئے نیکیاں کمانا،اپنے دَرَجات بڑھوانااورگناہ بخشوا نا کس قَدَرآسان فرما دیا ہے۔ مگر افسوس! اتنی آسانیوں کے باوُجُودبھی ہم غفلت کاشِکاررہتے ہیں۔پیش کردہ حدیثِ مبارَک میں  جوابِ اذان کی جو فضلیت بیان ہوئی ہے اُس کی تفصیل مُلاحَظہ فرمائیے :

   ’’ اللہُ اَکْبَرْ اللہُ اَکْبَرْ‘‘یہ دوکلمات ہیں ،ا س طرح پوری اذان میں  15 کَلِمات ہیں  ۔ اگرکوئی اسلامی بہن ایک اذان کاجواب دے یعنی مؤذن جو کہتا جائے ،اسلامی بہن بھی دوہراتی جائے تو اُس کو15 لا کھ نیکیا ں  ملیں  گی ، 15ہزار دَرَجات بُلندہو ں گے اور15ہزار گناہ مُعاف ہو ں گے اوراسلامی بھائیوں  کیلئے یہ سب دُگنا ہے ۔ فَجْرکی اذان میں  دومرتبہ  اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِنَ النَّوْمِ ہے تو  فَجْرکی اذان میں 17کلمات ہوگئے اور یوں  فَجْرکی اذان کے جواب میں 17لاکھ نیکیاں  ، 17ہزاردَرَجات کی بلندی اور17ہزار گناہوں  کی مُعافی ملی اور اسلامی بھائیوں کیلئے دُگنا۔اِقامت میں دومرتبہ قَدْ قَامَتِ الصَّلاۃُ بھی ہے یوں  اِقامت میں  بھی 17کلمات ہوئے تواِقامت کے جوا ب کا ثواب بھی فجرکی اذان کے جواب جتنا ہوا ۔

   الحاصِل اگرکوئی اسلامی بہن اِہتمام کےساتھ روزانہ پانچوں  نمازوں کی اذانوں اور پانچوں  اِقامتوں  کا جواب دینے میں کامیاب ہوجائے تواُسے روزانہ ایک کروڑ باسٹھ لاکھ نیکیاں  ملیں گی،ایک لاکھ باسٹھ ہزاردَرَجات بلندہونگے اور ایک لاکھ باسٹھ ہزارگناہ مُعاف ہونگے اوراسلامی بھائی کو دُگنا یعنی 3 کروڑ 24لاکھ نیکیاں  ملیں  گی ، 3لاکھ24ہزار دَرَجات بُلندہونگے اور 3 لا کھ  24 ہزار گناہ معاف ہو ں گے۔“(نماز کے احکام ،صفحہ141تا143،مکتبۃ المدینۃ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم