جامع مسجد کے علاوہ جمعہ ہوسکتا ہے یا نہیں |
مجیب:مفتی فضیل صاحب مدظلہ العالی |
فتوی نمبر:har:4977 |
تاریخ اجراء:29محرم الحرام1440ھ/10اکتوبر2018ء |
دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت |
(دعوت اسلامی) |
سوال |
کیا فرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا نمازِ جمعہ کے لیےجامع مسجد شرط ہے اور دوسری مساجد یا کسی اور جگہ جمعہ کی نماز نہیں ہو سکتی؟ |
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ |
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ |
نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے ليے یہ چھ شرائط ہیں:(1)شہر یا فنائے شہر۔(2)بادشاہِ اسلام یا اس کا نائب ، جسے بادشاہ نے جمعہ قائم کرنے کا حکم دیا ہو۔(3)وقتِ ظہر۔(4)خطبہ۔(5)جماعت یعنی امام کے علاوہ کم از کم تین مرد۔(6)اذنِ عام۔ جمعہ کی ان شرائط میں جامع مسجد درکنار ،عام مسجد کوبھی جمعہ کے لیے شرط قرار نہیں دیا گیا ، لہٰذا جمعہ کی تمام شرائط مکمل ہوں ، تو جامع مسجد کی طرح ،عام مساجد یا اس کے علاوہ کسی بھی مناسب جگہ پر جمعہ ادا کیا جا سکتا ہے ، البتہ جمعہ کا زیادہ ثواب جامع مسجد میں ہے ، ہاں اگر دوسری جگہ کا امام ،جامع مسجد کے امام سے بڑا عالم یا زیادہ صاحبِ فضیلت ہو ، تو اس مسجد میں جمعہ کا زیاد ثواب ہوگا۔ حلبی کبیری میں ہے :”و المسجد الجامع لیس بشرط و لھذا اجمعوا علی جوازھا بالمصلّٰی فی فناء المصر“اور (جمعہ کے لیے)جامع مسجد ہونا شرط نہیں،اسی لیے فقہاءِ کرام کا فنائے شہر میں موجود عید گاہ میں جمعہ پڑھنے کے جائز ہونے پر اجماع ہے۔(غنیۃ المستملی،صفحہ474،مطبوعہ کوئٹہ) سیدی اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن ایک بڑے گھر میں پڑھے گئے جمعہ کے متعلق سوال کے جواب میں فرماتے ہیں : ” جمعہ کے لیے مسجد شرط نہیں،مکان میں بھی ہو سکتا ہے ، جبکہ شرائطِ جمعہ پائے جائیں اور اذنِ عام دے دیا جائے ۔ لوگوں کو اطلاعِ عام ہو کہ یہاں جمعہ ہو گا اور کسی کے آنے کی مانعت نہ ہو،تو اگر صورت یہ تھی ، وہ لوگ مصیب (یعنی درستی پر) ہوئے۔ ملخصا۔ “ (فتاویٰ رضویہ،جلد08،صفحہ460،مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن،لاھور) ایک اور مقام پر فرماتے ہیں : ” جمعہ کا زیادہ ثواب جامع مسجد میں ہے ، مگر جب کہ دوسری جگہ کا امام اعلم و افضل ہو۔“ (فتاویٰ رضویہ،جلد08،صفحہ442،مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن،لاھور) |
وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم |
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟