Kya Wajah Hai Ke Hum Namaz Mein Bhi Aur Namaz Ke Baad Bhi Dua Mangte Hai?

کیا وجہ ہے کہ ہم نماز میں بھی اور نماز کے بعد بھی دعا مانگتے ہیں ؟

مجیب:ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-1187

تاریخ اجراء:24ربیع الاول1444ھ/21اکتوبر2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا سوال یہ ہے کہ  ہم نمازوں  کے دوران بھی دعا مانگتے ہیں پھر جب نماز مکمل کر لیتے ہیں   اس کے  بعد بھی دعا مانگتے ہیں  اس کی وضاحت  کردیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سب   سے پہلے تو یہ یاد رہے کہ اللہ عزوجل  نے  قرآن کریم میں مطلقا  دعا مانگنے کا حکم ارشاد فرمایا  ہے کہ مجھ سے دعا مانگو میں قبول کروں گا  اس میں  نہ تو وقت کی کوئی قید نہیں ہے اور نہ ہی تعداد بیان ہوئی ہے کہ دن میں اتنی بار ہی  دعا مانگی جائے ،بلکہ کثرت سے اورباربار دعامانگنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے کہ نہ جانے کون سی گھڑی مقبولیت کی ہو۔لہذا جتنی بار چاہیں، جس وقت چاہیں دعا مانگ سکتے ہیں اورباربارمانگ سکتے ہیں ۔جامع الترمذی میں ہے "لیکثرالدعاء"ترجمہ:چاہیے کہ کثرت سے دعاکرے ۔(سنن الترمذی،أبواب الدعوات،ج05،ص462،مطبوعہ:  مصر)

   اور فرض نمازوں کے بعد دعا مانگنا  تو   سنت سے ثابت ہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم    نے  خود اس کی تعلیم ارشاد فرمائی ہے چنانچہ  حدیث ِ مبارکہ میں ہے:  حضرت ابواُمامہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:” قيل يا رسول الله: أي الدعاء أسمع؟ قال جوف الليل الآخر ، و دبر الصلوات المكتوبات “ ترجمہ:عرض کیا گیا یا رسول اﷲکون سی دعا زیادہ سنی جاتی ہے؟ فرمایا آخری رات کے بیچ میں اور فرض نمازوں  کے بعد۔

   نوٹ:اس حدیث کونقل کرنے کے بعدامام ترمذی نے فرمایا:” هذا حديث حسن “یعنی یہ حدیث”حسن“کادرجہ رکھتی ہے۔(سنن الترمذی،أبواب الدعوات،ج05،ص526،مطبوعہ:  مصر)

   مسلم شریف میں ہے:”كان رسول الله صلى الله عليه وسلم، إذاانصرف من صلاته استغفر ثلاثا وقال:«اللهم أنت السلام ومنك السلام ، تباركت ذا الجلال والإكرام» “ترجمہ:رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب  نمازسے فارغ ہوتے توتین بار استغفارفرماتے اوریہ دُعاکرتے” اللهم أنت السلام ومنك السلام، تباركت ذا الجلال والإكرام “یعنی اے اللہ توسلام ہے اورتیری طرف سے سلام ہے ،توبرکت ولاہے،اے  عظمت اوربزرگی  والے۔ (صحیح مسلم، باب استحباب الذکربعدالصلوٰۃ،ج1،ص414،بیروت )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم