Namaz Jumma Ki Sunnaton Mein Kya Niyat Ki Jaye ?

نماز جمعہ کی سنتوں میں کیا نیت کی جائے ؟

مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2423

تاریخ اجراء: 20رجب ا لمرجب1445 ھ/01فروری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نماز جمعہ میں دو رکعت  فرضِ  جمعہ کی ہے،اس کے علاوہ    چار سنت ، اور  دو سنت،پھر دو نفل ہیں ۔پوچھنا یہ ہے کہ دو رکعت فرض  جمعہ کے علاوہ        بقیہ رکعتوں  میں جمعہ کی نیت کریں گے یا     پھر ظہر کی  ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جمعہ کی نمازمیں ٹوٹل  14رکعتیں ہیں: فرضِ جمعہ سے پہلے چار رکعت سنت مؤکدہ ہیں ،پھر دو رکعت فرضِ جمعہ ہیں  ، اس کے بعددوبارہ  چاررکعت سنت مؤکدہ،پھر دو رکعت سنت غیر مؤکدہ ، اور دو نفل  ہیں۔

ان کی نیت کے متعلق تفصیل:

     فرض جمعہ میں   د ورکعت فرض جمعہ کی نیت کریں گے اور اس کے علاوہ    بقیہ تمام سنتوں اور نفل میں جمعہ کی سنت  اور  جمعہ کے نفل  کی نیت کریں گے۔فرض سے پہلے کی چار رکعت سنت میں ،جمعہ سے پہلے کی سنت  اور فرض کے بعد کی چھ سنتوں میں جمعہ کے بعد کی سنت کی نیت کریں گے۔

   جمعہ کی سنتوں سے متعلق،سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فتاوی رضویہ میں ارشاد فرماتے ہیں:’’(نمازِ جمعہ میں ) دس سنتیں ہیں۔چار پہلے ، چار بعد۔۔۔ اور دو بعد کو اور ،کہ بعدِ جمعہ چھ سنتیں ہونا ہی حدیثاً  وفقہاً  اَثْبَت واَحْوَط ، مختار ہے، اگرچہ چار کہ ہمارے ائمہ میں متفَق علیہ ہیں ، ان دو سے مؤکد تَر ہیں۔“(فتاوی رضویہ ، جلد8، صفحہ292،رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

   بہار شریعت میں ہے:’’جمعہ کے دن جمعہ پڑھنے والے پر چودہ (14)رکعتیں ہیں،اور علاوہ جمعہ کے باقی دنوں میں ہر روز بارہ رکعتیں ہیں۔‘‘(بھار شریعت،جلد1،حصہ 4،صفحہ663،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

   جمعہ کی سنتوں میں نیت سے متعلق، سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن   فتاوی رضویہ میں  ارشاد فرماتے ہیں:’’فرضِ جمعہ کے بعد چھ رکعت سنت پڑھیں،چار پھر دو اور ان میں سنت بعدِ جمعہ کی نیت کریں،اور پہلی چار میں قبلِ جمعہ کی۔‘‘(فتاوی رضویہ،جلد6،صفحہ191،رضافاؤنڈیشن،لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم