Namaz Mein Surah Fatiha Ki Jagah Bhool Kar Koi Aur Surat Shuru Kar Dena

بُھولے سے سورۂ فاتحہ کی جگہ کوئی اور سورت شروع کردیں تو یاد آنے پر حکم

مجیب:مولانا محمد سرفراز اختر عطاری

مصدق:مفتی فضیل رضا عطاری

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2024ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کےبارےمیں کہ اگر نماز میں سورۂ فاتحہ پڑھنےکے بجائے   بھولے سے کوئی اور سورت شروع کردی ،پھریاد آیاتو اب کیا حکم ہے   ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   فرض کی پہلی ، دوسری  رکعت  اورباقی تمام  نمازوں کی  کسی  بھی رکعت میں فاتحہ کے بجائے بھولے سے سورت شروع کردی تو اس حوالے سے حکم کی تفصیل یہ  ہے کہ :(1)اگر رکن کی ادائیگی کی مقدار (یعنی محتاط قول کے مطابق   ایک ایسی  آیت جو کم از کم چھ حرف پر مشتمل ہو اور صرف ایک کلمہ کی نہ ہو،) پڑھنے سے پہلے ہی یاد آجائے کہ سورہ فاتحہ نہیں پڑھی،  تو فورا ً سورہ فاتحہ شروع کردیں ، پھر سورت ملائیں اور اس صورت میں سجدہ  سہو بھی  لازم نہیں ہوگا ۔ (2) اگر رکن کی ادائیگی کی مقدار یا اس سے زیادہ پڑھ لینے کے بعد اور رکوع سے پہلے یاد آجائے ، تو حکم  یہ ہے کہ سورہ فاتحہ پڑھیں، پھر دوبارہ سورت ملائیں اور آخر میں سجدہ سہو کریں۔ (3) اگررکوع میں یا رکوع سے کھڑے ہونے کے بعد اورسجدے سے پہلے یاد آیا ،تو واپس  آکر سورہ فاتحہ پڑھیں، پھر سورت ملائیں، دوبارہ  رکوع  کریں اور آخر میں سجدہ سہو کریں ۔ (4) اوراگر سجدے میں جانے تک یاد نہ آئے ،تو  آخر میں سجدہ سہو کرلینا کافی ہے ۔

   خیال رہے سجدےسے  پہلے یاد آنے کی صورت میں اگر قراءت مکمل نہ کی یعنی سورہ فاتحہ اور اس کے بعد سورت نہ پڑھی، تویہ  قصداً  ترکِ واجب ہوگا ،لہٰذا  نماز دوبارہ پڑھنا واجب ہو گا اور اگررکوع میں یا رکوع کے بعدیاد آیا اور کھڑے ہوکر قراءت مکمل کرلی ،تو رکوع سےبعد والی قراءت ، پہلی سے  لاحق ہوکر یہ ساری قراءت فرض واقع ہوگی اور پہلے والا رکوع معتبر نہیں رہے گا،اس لیےاب  رکوع دوبارہ نہ کیا ،تو  فرض ترک ہونے کی وجہ سے نماز ہی فاسد ہوجائے گی۔نیزجہاں سجدہ سہو کا حکم ہے وہاں اگر سجدہ سہو نہ کیا، تو نماز دوبارہ  پڑھنا واجب  ہے   ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم