Peep Nikalne Ki Halat Me Namaz Ka Hukum

پیپ نکلنے کی حالت میں نمازکا حکم

مجیب: مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-600

تاریخ اجراء: 28رجب المرجب  1443ھ/02مارچ 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کان بہہ رہا ہو تو اس صورت میں نماز کا کیا حکم ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نماز کے دوران پیپ کے بہنے سے وضو ٹوٹ جائے گا،جس كی وجہ سے نماز بھی ٹوٹ جائے گی ،لہذااس کوصاف کرکے باوضووباطہارت ہوکرشروع سے نمازاداکرے۔البتہ اگرعذر ہواور حالت یہ ہو کہ نماز کا وقت شروع ہونے سے لیکر ختم ہونے تک پورا وقت نماز اس طرح گزر جائے کہ وہ باوضو نماز پڑھنے میں کامیاب نہ ہو سکے تو آخری وقت میں اسی حالت میں  نماز ادا کرلے،اب ایسا شخص شرعی معذور قرار پائے گا اور معذور شرعی کا حکم یہ ہے  کہ وہ نماز فرض کے ہروقت کیلئے الگ وضو کرے گا اور اس وضو سے وہ ادا ،قضاء،سنت ،نفل ،تلاوت قرآن اور قرآن کو چھونا وغیرہ سب کچھ کرسکتا ہے،اس دوران اگروہی عذرپایاجائے توبھی اسکاوضونہیں ٹوٹے گا ۔ بلکہ جب فرض نمازکاوقت ختم ہوگاتواسکا وضو ٹوٹ جائے گا،یونہی اگراس مرض کے علاوہ دوسری کوئی چیز وُضو توڑنے والی پائی گئی تو بھی  وُضو ٹوٹ جائے گا۔

   ایساشخص  اس وقت تک شرعی معذور رہے گا جب تک کہ بقیہ اوقات نماز میں بھی اس کو کم ازکم ایک مرتبہ یہ مرض پایا جائے، اگر بقیہ اوقات نمازمیں  سے کوئی وقت ایساگزرتا ہے کہ اس میں ایک مرتبہ بھی وہ مرض نہ پایا گیا تو اس وقت وہ شخص شرعی معذور کی تعریف سے خارج ہوجائے گا اوراس صورت میں اس کوآئندہ دوبارہ نماز کے شروع وقت سے لیکر آخر وقت تک چیک کرنا ہوگا اور باطہار ت نماز پڑھنے  میں کامیاب نہ ہونے کی صورت  میں آخر وقت میں نماز پڑھے گا ۔لہذاغورکرلیاجائے کہ اگرمرض میں اتنی شدت نہ ہوتوایساشخص معذورنہیں۔

   نیزاگرروئی وغیرہ کوئی چیزرکھ کرعذرختم کرسکتاہوتواس پرروئی وغیرہ  کسی چیزکورکھ کرعذرختم کرنالازم ہوگا۔

   اور یہ بھی  یاد رہے کہ کان سے بہنے والی پیپ ناپاک ہے جسم یا کپڑوں کو لگے گی تو ان کو بھی ناپاک کر دے گی ،اوراس میں اگر ناپاکی درہم کے برابریا درہم سے زیادہ لگی ہے توکپڑوں یاجسم  کوپاک کئے بغیرنمازپڑھناجائزنہیں ہے،ہاں اگردرہم سے کم ہوتونماز اگرچہ ہوجائے گی لیکن  پھر بھی بہتر یہی ہے کہ  پاک کرکے نماز ادا کرے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم