بغیر دانت والے بیل کی قربانی

مجیب:مفتی قاسم صاحب مدظلہ العالی

تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضان مدینہ ستمبر 2017

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیافرماتےہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس بارے میں کہ ایسا بیل جس کی عمْر تو پوری ہو چکی ہو لیکن ابھی تک اس کے دانت نہ نکلے ہوں ، اس کی قربانی کرنے کا شرعاً کیا حکْم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     ایسابیل جس کی عمْر اسلامی اعتِبار سے دو سال مکمّل ہو اور اس میں قربانی سے مانِع(روکنے والا)کوئی بھی عیب نہ ہو تو اسکی قربانی بلا شبہ جائز ہے،اگرچہ ابھی تک اس کے سامنے والے دو بڑے دانت نہ نکلے ہوں(جن کی وجہ سے جانور کو عُرْف میں ’’دوندا یعنی دو دانت والا‘‘کہا جاتا ہے)کیونکہ شریعت کی طرف سے قربانی کے جانوروں کی مُقَرَّر کردہ عمْر کا پوراہونا ضروری ہے ،بڑے دانت نکلنا ضروری نہیں۔

     البتّہ یہ یاد رہے کہ سامنے کے دوبڑے دانتوں کا نکلنا جانور کی عمر پوری ہونے کی علامت ہے،کیونکہ اونٹ کے پانچ سال کی عمر کے بعد،گائے وغیرہ کے دوسال بعد اور بکری وغیرہ کےایک سال کے بعد ہی دانت نکلتے ہیں،اس سے پہلے نہیں، لہٰذا اگر کسی جانور کے دانت نہ نکلے ہوں تو خریدنے سے پہلے اچھی طرح تسلّی کر لی جائے کہ اس کی عمرمکمل ہے یا نہیں،اگر شک ہو تو ایسے جانور کو قربانی کے لئے نہ خریدا جائے،خصوصا ً اس دور میں کہ جس میں جھوٹ بول کر جانور بیچنا عام ہو چکا ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم