بینڈباجوں کے ساتھ نعت پڑھنا

فتوی نمبر:WAT-462

تاریخ اجراء:20جمادی الاخری1443ھ/24جنوری2022

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا ڈی جے اور بینڈ بجا کر ان کے ساتھ نعت پڑھ سکتے ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    کیا ڈی جے اور بینڈ بجانا ویسے ہی ناجائز وحرام اور گناہ ہے،ان کی حرمت صحیح  احادیث سے ثابت ہے۔پھر نعت شریف کے ساتھ بجانے کی وجہ سے ان کی حرمت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔لہذا اس سے بچنا بہت ضروری ہے،ورنہ اس طرح نعت پڑھنے والے اور ڈی جے اور بینڈ بجانے والے اور برضا و رغبت ان کو سننے والے سب ثواب کے بجائے الٹے گناہگار ہوں گے۔نبیِّ پاک صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نعت پاک پڑھنا بلا شبہ باعثِ ثواب، باعثِ برکت،سببِ نزولِ رحمتِ خداوندی اور نبیِّ پاک صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رضا و خوشنودی اور آپ کی محبت میں اضافے کا سبب ہے، لیکن باقی تمام معاملات کی طرح اس میں بھی شریعت کی پاسداری لازم ہے،ورنہ ثواب کے بجائے گناہگار ہوں گے۔

    چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرما یا: ”لیکو نن من امتی اقوام یستحلون الحر والحریر والخمروا لمعازف “ترجمہ : ضرور میری امت میں کچھ لوگ ہوں گے جو عورتوں کی شرمگا ہ کو(یعنی زنا)اور ریشمی کپڑوں اور شرا ب اور گانے بجانے کے آلات کو حلال ٹھرائیں گے۔

(بخاری شریف،کتاب الاشربۃ ج 2ص837 ، مطبوعہ،کراچی)

    مزید ارشاد فرمایا: ”ان الله بعثني رحمة للعالمين وهدى للعالمين، وامرني ربي بمحق المعازف والمزامير والاوثان والصلب“ترجمہ:بے شک میرے رب نے مجھے دو نوں جہانوں کے لئے رحمت اور ہدایت بنا کر بھیجا ہے اور میرے رب نے  مجھے گانےبجانے  کےآلات،منہ سے بجانے والے آلات ،بت اور صلیب توڑنے کا حکم دیا ہے ۔

(مسند امام احمد بن حنبل ،حدیث ابو امامہ باھلی،ج36،ص646،مؤسسہ الرسالہ )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ