Masbooq Apni Baqya Namaz Kaise Pori Kare

مسبوق اپنی رہ جانے والی نمازمیں قعدہ کس کس وقت کرے گا ؟

فتوی نمبر:WAT-814

تاریخ اجراء: 16شوال المکرم 1443ھ18/مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   (1) مغرب کی نمازمیں مقتدی،تیسری رکعت میں امام کےساتھ شامل ہوا،تواپنی بقیہ دورکعتیں جب پڑھنےکھڑا ہوگا،تواپنی پہلی رکعت میں بھی قعدہ کرےگا،یاصرف اپنی دوسری اورآخری رکعت میں قعدہ کرےگا؟

   (2)اسی طرح چاررکعت والی نمازمیں جس مقتدی کی تین رکعت نکل جائیں،تووہ ان تین رکعتوں میں سےکونسی رکعت میں قعدہ کرے گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جو مقتدی امام  کی بعض رکعتیں پڑھنے کے بعدشامل ہوااورآخرتک شامل رہا ،اسےمسبوق کہتےہیں، اور تشہد کے حق میں مسبوق  کی رکعتیں امام کی ترتیب کےمطابق  ،گنتی میں آتی ہیں،یعنی امام کےساتھ اگرایک رکعت پڑھی ہو، تواپنی پڑھتےوقت ،جوپہلی رکعت ہے،وہ دوسری شمارہوگی،اوردوسری رکعت تیسری،وعلی ہذالقیاس۔لہذااس تفصیل کےمطابق صورت مسئولہ کاجواب درج ذیل ہے

   (1) جوشخص مغرب کی نمازمیں تیسری رکعت میں امام کےساتھ شامل ہوا،وہ جب اپنی بقیہ نماز پڑھنےکھڑاہوگا،تو اپنی پہلی رکعت میں قعدہ کرےگاکہ امام کے ساتھ پڑھی ہوئی رکعتوں کے حساب سےیہ اس کی دوسری رکعت ہے، اوراس کےبعدوالی رکعت میں بھی قعدہ کرےگاکہ یہ آخری رکعت ہے۔

   (2)اورچاررکعت والی نمازمیں جومقتدی امام کےساتھ چوتھی رکعت میں شریک ہوا، وہ جب اپنی بقیہ نماز پڑھنے کھڑاہوگا،تواپنی پہلی رکعت میں قعدہ کرےگاکہ امام کی رکعتوں کے حساب سےیہ اس کی دوسری رکعت ہے،اوراس کےبعدوالی رکعت میں قعدہ نہیں کرےگاکہ امام کے ساتھ پڑھی ہوئی رکعتوں کےحساب سےیہ تیسری   رکعت ہے، اس کےبعدآخری رکعت میں قعدہ کرےگا ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابوالحسن ذاکر حسین عطاری مدنی