Peer Ki Bait Torna Kaisa Hai ?

بیعت توڑناکیساہے؟

فتوی نمبر:WAT-787

تاریخ اجراء:09شوال المکرم 1443ھ11/مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بیعت توڑنا کیسا ہے؟ 

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر وہ  پیر جامع شرائط نہیں ہیں،تو ان سے  بیعت ہونا ہی جائز نہیں تھا،اگر کر لی ہو،تو اسے توڑنا واجب ہے اور اگر وہ پیر جامع شرائط تھے اور اب بھی ہیں،تو یا د رہے کہ بلا وجہ شرعی جامع شرائط پیر کی بیعت توڑنا ازروئے  طریقت سخت محرومی کا باعث ہے ،طریقت کی کتابوں میں ایسے شخص کےلیے بہت سخت وعیدیں ذکر کی گئی ہیں اوراسے فیض سے محرومی کا سبب کہا گیا ہے۔اور ازروئے شریعت بھی سخت ممنوع ہے، کہ شرعا احسان کا بدلہ کم از کم شکریہ ادا کرنا ہے، پیر کامل کا مرید ہونے سے آدمی کو اولیاء کے سلسلے کے ساتھ نسبت حاصل ہو جاتی ہے،نیز فیض کا ایک سلسلہ جاری ہوتا ہے اور راہ طریقت کی بہت سی مشکلات حل ہوتی ہیں اور بسا اوقات تو زندگی میں ایک انقلاب برپا ہو جاتا ہے۔ ان سب چیزوں کے مقابلے میں شکریہ ادا کرنے کے بجائے بیعت ہی توڑ دینا یقینا سخت ناشکری ہے اور نا شکری شرعا ممنوع ہے ،نیز جب ایک مرتبہ آدمی کسی پیر کامل کی بیعت ہو جاتا ہے، تو فیض کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے،اگرچہ مرید ناقص کو وہ نظر نہ آئے، تو جب فیض کا سلسلہ شروع  ہو چکا، تو اسے برقرار رکھنا چاہیے۔البتہ اتنا  ضرور یاد رہے کہ اگر پیر سے اعتقاد ختم ہو جائے،تو خودبخود بیعت ٹوٹ جاتی ہےاوربیعت ٹوٹنے کے بعد انسان کسی بھی جامع شرائط پیر کا مرید ہو سکتا ہے۔

   نوٹ:پیر میں درج ذیل چار شرائط موجود ہوں،تواسے جامع شرائط کہا جائے گا:

   (1)صحیح العقیدہ سنی ہو(۲)اپنی ضرورت کے مسائل جانتا ہواورمزیدپیش آنے پرکتابوں سے نکال سکتاہو۔ (۳) اس کا سلسلہ باتصالِ صحیح سرکار صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچتا ہو(۴)فاسق معلن نہ ہو۔

   مرید بننے کے فوائد اور اس بارے میں مزید احکام جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب بنام ’’آدابِ مرشدِ کامل ‘‘کا مطالعہ فرمائیں،جس کا لنک یہ ہے ۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/aadab-e-murshid-e-kamil-mukammal-5-hissay

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ