Sunnatain Tor Kar Jamaat Mein Shamil Hona

سنت موکدہ یاغیرموکدہ توڑکرجماعت میں شامل ہونا

فتوی نمبر: WAT-31

تاریخ اجراء:22محرم الحرام1443ھ/31اگست2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    سنت مؤکدہ  یاغیرموکدہ کو توڑ کر جماعت میں شامل ہوگئے تو اب اس سنت کی قضا کرنالازم ہے یانہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    (الف)سنت موکدہ میں تفصیل درج ذیل ہے:

    اگرفجرکی سنتیں ہیں توان کوتوڑنے کی اجازت نہیں ،سنتیں جلدی جلدی مکمل کرکے جماعت میں شامل ہو،جماعت نہ ملے توتنہافرض پڑھ لے ۔اوراگرجماعت میں شامل ہونے کے لیے فجرکی سنتیں توڑدیں توتوبہ کرے اوراب ان کی قضابھی کرے لیکن فرضوں کے بعدنہیں بلکہ طلوع آفتاب کے بعد،مکروہ وقت نکل جانے پرقضاکرے۔

    اوراگرظہرکی سنتیں تھیں تودورکعات مکمل ہونے سے پہلے توتوڑنے کی اجازت نہیں ،اسی طرح اگرتیسری کاقیام کرچکاتواب چارپوری ہونے سے پہلے توڑنے کی اجازت نہیں ،اگرتوڑیں توتوبہ کرنالازم ہے اوراگردورکعات مکمل کرلیں، ابھی تیسری کے لیے کھڑانہیں ہواتھاکہ جماعت قائم ہوگئی توایسی صورت میں توڑنے نہ توڑنے کے متعلق دواقوال ہیں  لیکن زیادہ راجح یہی ہے کہ نہ توڑے چارمکمل کرکے جماعت ملے توشامل ہوجائے ورنہ تنہافرض نمازاداکرے ۔

    اوریہ سنتیں  پوری چاررکعات مکمل کرنے سے پہلے دورکعات پرتوڑیں یاتیسری  پربہرصورت   فرضوں کے بعدکی دوسنتیں اداکرنے کے بعدان کی چاررکعات قضاکرناہو ں گی ۔

    (ب)اور سنت غیرموکدہ ہےکے متعلق   درج ذیل تفصیل ہے :

     اگرپہلی دورکعات میں ہے کہ تیسری  کاقیام نہیں کیاتودورکعات مکمل کرکے سلام پھیرے ،اس سے پہلے توڑناجائزنہیں  اوردورکعات مکمل کرکے سلام پھیرناضروری ہے تاکہ جماعت میں شامل ہواوراگرتیسری شروع کرچکا ہو تو اب چارپوری کرے ،اس سے پہلےتوڑناجائزنہیں ،دونوں صورتوں میں اگروقت اجازت سے پہلے توڑدیں توتوبہ کرناضروری ہے اوردونوں صورتوں میں خواہ پہلی دورکعات پرتوڑی ہوں یادوسری دورکعات پر، قضامیں صرف دورکعات کی قضاکرناضروری ہوگا۔ قضامیں یہ تفصیل ہے کہ :

    عصرسے پہلے شروع کرکے توڑیں توان کی قضاعصرکے فرض پڑھ  کرنہیں کرسکتابلکہ مغرب کے وقت میں یااس کے بعد کسی ایسے وقت میں کہ جس میں نفل پڑھنامکروہ نہیں ،اس میں قضا کی جائیں۔اورعشاءسے پہلے شروع کرکے توڑیں  توعشاء کے فرضوں کے بعدقضاکرسکتاہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

ٹیگز : sunnatain jamaat