15 Hazar Rupay Aur 2 Masha Sona Ho To Zakat Aur Qurbani Ka Hukum

پندرہ ہزار روپے اور دو ماشہ سونا ہو تو زکوٰۃ و قربانی کا حکم

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-966

تاریخ اجراء:23ذو  القعدۃلحرام1444 ھ/13جون2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کسی کے پاس 15000پاکستانی روپے ہوں اور 2 ماشہ سونا ہو، تو اس پر زکوۃ و قربانی واجب ہو گی یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر دو ماشہ سونے اور 15000پاکستانی روپےدونوں کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو، تو قربانی واجب ہوگی اور شرائط پائے جانے کی صورت میں زکوۃ بھی واجب ہوگی اور اگر ان دونوں کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی سے کم ہے، تو پھر زکوۃوقربانی واجب نہ ہوں گے جبکہ زکوۃ کے لئے اس کے علاوہ  کوئی اور مالِ نامی (کرنسی، مال تجارت ، پرائز بانڈ)حاجتِ اصلیہ  سےزائدملکیت میں نہ ہو ، اور قربانی کے لئے اس کےعلاوہ کوئی بھی مال (اگرچہ وہ مال غیر نامی ہو جیسے گھر کے اضافی برتن وسامان وکپڑے وغیرہ )حاجتِ اصلیہ سے زائدملکیت میں نہ ہو ۔

   فائدہ: آج 17 جون 2023 پاکستان میں   دو ماشہ سونے کی قیمت (36,849) پاکستانی  ہے اس کےساتھ 15000 نقدی ملانے کے بعد کل رقم (51,849) بنتی ہے، جوکہ  تنہا قربانی واجب ہونے کے لئے مقررہ   نصاب سے کم ہے کیونکہ آج نصاب یعنی ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت تقریبا 136000ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم