2 Tola Sona Aur Mahana Amdani Hazar Rupe Ho To Zakat Ka Hukum

دو تولہ سونا ہے اور ماہانہ آمدن ہزار روپے، زکوۃ کا کیا حکم ہے ؟

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1546

تاریخ اجراء: 05رمضان المبارک1445 ھ/16مارچ2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میرا  سوال یہ ہے اگر ایک اسلامی بہن کےپاس صرف دو تولہ سونا ہے، ماہانہ آمدنی صرف ہزار روپے ہے،تو کیا زکوۃ ادا کرنا ان پر فرض ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سونے پر زکوۃ  تب واجب ہوتی ہے کہ جب ساڑھے سات تولہ یا اس سے زیادہ ہو ، لہٰذا اگر ان اسلامی بہن کے پاس فقط دو تولہ سونا  ہی ہے اس کے علاوہ کوئی مالِ زکوۃ (چاندی ، نقدی، پرائز بانڈ  وغیرہ)نہیں ہے تو ان پر زکوۃ واجب نہیں ۔ ہاں ! اگر ان کی  ملکیت میں کوئی اور مالِ زکوۃ  (چاندی، نقدی، کرنسی ، مال تجارت وغیرہ حاجت اصلیہ سے زائد ہے)   اور یہ   اس سونے کے ساتھ مل کر  ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کو پہنچ رہی ہے یا اس سے زیادہ بنتی ہے تو ( دیگر شرائط کی موجودگی میں) سال گزرنے پر ان اسلامی بہن پر زکوۃ واجب ہوگی ۔

   مفتی اعظم پاکستان حضرت علامہ مفتی وقار الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:” سونے  کی مقدار ساڑھے سات تولےاور چاندی کی مقدار ساڑھے باون تولے ہے۔جس کے پاس صرف سونا ہے، روپیہ پیسہ ، چاندی اور مالِ تجارت بالکل نہیں ، اس پر سوا سات تولے تک سونے میں زکوٰۃ فرض نہیں ہے، جب پورے ساڑھے سات تولہ ہو گا، تو زکوٰۃ فرض ہو گی، اسی طرح جس کے پاس صرف چاندی ہے ، سونا ، روپیہ پیسہ اور مالِ تجارت بالکل نہیں ہے، اس پر باون تولے چاندی میں بھی زکوٰۃ فرض نہیں ہے، جب ساڑھے باون تولہ پوری ہو یا اس سے زائد ہو، تو زکوٰۃ فرض ہوگی۔ لیکن اگر چاندی اور سونا دونوں یا سونے کے ساتھ روپیہ پیسہ، مالِ تجارت بھی ہے، اسی طرح صرف چاندی کے ساتھ روپیہ پیسہ اور مالِ تجارت بھی ہے، تو وزن کا اعتبار نہ ہو گا، اب قیمت کا اعتبار ہو گا، لہٰذا سونا چاندی ، نقد روپیہ اور مالِ تجارت سب کو ملا کر ، اگر ان کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر ہو جائے، تو اس پر زکوٰۃ فرض ہے۔“    (وقار الفتاوی، جلد02،صفحہ 385-384،بزم وقار الدین، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم