Talaba Ke Liye Di Gai Zakat Muhtamim Ka Khud Istemal Karna

طلبا کے لئے دی گئی زکوۃ مہتمم کا خود استعمال کر لینے کا حکم

مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1544

تاریخ اجراء: 26شعبان المعظم1445 ھ/08مارچ2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر ہم زکوة کی رقم مدرسے میں طلبا کے لیے دیتے ہیں، اس کے لیے جو مدرسے کا انچارج یا مہتمم ہے، ہم اسے   اپنا وکیل بنا کر زکوة، ان کے ہاتھ میں دیتے ہیں، اب اگر وہ صاحب آگے پیسے طلباکو نہیں دیتے، بلکہ خود استعمال کر لیتے ہیں، تو کیا ہماری طرف سے زکوة ادا ہوجائے گی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    وکیلِ زکوۃ کامذکورہ رقم خود رکھ لینا، ناجائز و حرام ہے ،اس پر لازم ہے کہ جن کیلئے  زکوۃ دہندہ گان نے زکوۃ دی   ہے، انہیں زکوۃ  دے، اگر خود استعمال کرےگا، تو جنہوں نے زکوۃ    دی تھی،  ان کی  زکوۃ ادا نہ ہوگی    بلکہ ایسی صورت میں  زکوۃ دہندہ گان کو اطلاع دینے کےساتھ ساتھ تاوان دینا بھی لازم ہے۔ 

   عموماً مدارس میں کسی خاص طالب علم کیلئے زکوۃ نہیں لی جاتی، بلکہ تمام طلبہ یا مدرسہ کے تمام اخراجات کیلئے زکوۃ لی جاتی ہے اور پھر اس کا شرعی طریقہ کار کے مطابق شرعی حیلہ کرکے اس سے تمام اخراجات ادا کئے جاتے ہیں ، ایسا کرنا درست ہے۔

   بہارِ شریعت میں ہے: ” وکیل کو یہ اختیار نہیں کہ خود لے لے، ہاں اگر زکوٰۃ دینے والے نے یہ کہہ دیا ہو کہ جس جگہ چاہو صرف کرو تو لے سکتا ہے۔“(بہارِ شریعت، جلد1، صفحہ888 ،مکتبۃ المدینہ ،کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم