Ania Fatima Naam Rakhna Kaisa Hai ?

آنیہ  فاطمہ نام رکھنا کیسا ؟

مجیب: ابوالفیضان مولانا عرفان احمد عطاری

فتوی نمبر: WAT-2132

تاریخ اجراء: 14ربیع الثانی1445 ھ/30اکتوبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   آنیہ  فاطمہ نام رکھنا کیسا ہے؟مطلب بھی ارشاد فرما دیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   "آنیۃ  "جمع کا لفظ ہے  اور اس کی واحد ہے،"اناء "ہے جس کا معنی ہے:" برتن۔"(المنجد عربی اردو،صفحہ39،خزینہ علم وادب،لاھور)(القاموس الوحید،صفحہ 140 ، مطبوعہ ادارہ اسلامیات، کراچی )

   اور لفظِ "فاطمہ"فطم سے بنا ہے،جس کا معنی ہے دور ہونا، خاتونِ جنت سیدہ فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کانام فاطمہ اس لیے ہواکہ اللہ کریم نے آپ کواورآپ کی آل اور آپ سےمحبت کرنے والوں کوجہنم کی آگ سے دور فرمادیا ہے، جیساکہ حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ مرآۃ المناجیح میں لکھتے ہیں:فاطمہ بنا ہے فطم سے بمعنی دور ہونا اس لیے جس بچہ کا دودھ چھڑا دیا جاوے اسے فطیم کہتے ہیں۔چونکہ اللہ تعالٰی نے جناب فاطمہ ان کی اولاد ان کے محبین کو دوزخ کی آگ سے دور کیا ہے اس لیے آپ کا نام فاطمہ ہوا۔(مرآۃ المناجیح، جلد8، صٖفحہ413، نعیمی کتب خانہ، گجرات)

   ان الفاظ کے معانی جاننے کے بعد ان کو بطور نام رکھنے کے متعلق حکم شرعی  یہ ہےکہ "آنیۃ "  نام نہ رکھا جائے اس لیے کہ اس کا کوئی اچھا اور بامقصد معنی نہیں ہے،البتہ اکیلا فاطمہ نام رکھ لینا بہتر ہے کہ خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنھا کا نامِ مبارک ہے۔

   اوربہتربھی یہی  ہے کہ بچی  کا نام نیک خواتین،مثلاً اُمّہات المؤمنین، صحابیات  وغیرہا  اللہ پاک کی نیک بندیوں کے ناموں پررکھاجائے،کیونکہ حدیث پاک میں اچھے نام  رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے،چنانچہ حضرت سیِّدُنا ابودَرداء رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے مَروی ہے کہ نبی پاک صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : ‌انکم تدعون یوم القیامۃ باسماءکم واسماء اباءکم فاحسنوا اسماء کم یعنی  قیامت کے دن تم اپنے اور اپنے آباء کے ناموں سے پکارے جاؤ گے، لہٰذا اپنے اچھے نام رکھا کرو۔(سنن ابو داوٗد، کتاب الادب، باب في تغییر الاسماء، ج 4، ص 374 ، الحدیث:4948، دار احیاء التراث ، بیروت )

   نوٹ:ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات  اور بچوں اور بچیوں کے اسلامی نام  حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی جاری  کردہ  کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘کا مطالعہ کر لیجیے۔  نیچے دئیے گئے لنک سے آپ اس کتاب کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم