Bache Ka Naam Tayyab Rakhna

بچے کا نام طیب رکھنا

مجیب:مولانا محمد فرحان افضل عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2879

تاریخ اجراء: 11محرم الحرام1446 ھ/18جولائی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بچے کا نام طیب رکھنا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   بچے کا نام طیب رکھنا بلا شبہ جائز ہےکہ طیب نبی اکرم صلی اللہ  علیہ وآلہ وسلم کے مبارک ناموں میں سے  ایک نام ہے، جس کا معنی ہے پاک /پاکیزہ ۔لہذا یہ نام رکھنا جائز اور باعثِ برکت بھی ہے ۔البتہ بہتریہ ہے کہ اولاًبیٹے کانام صرف "محمد" رکھیں، کیونکہ حدیث پاک میں"محمد"نام رکھنے کی فضیلت اورترغیب ارشادفرمائی گئی ہے اور ظاہریہ ہے کہ یہ فضیلت تنہانام محمدرکھنے کی ہے،پھرپکارنے کے لیے طیب نام رکھ لیں ۔

   مواہب اللدنیہ میں نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے ناموں میں سے ایک نام یہ درج ہے” الطيب

   اس کے تحت شرح الزرقانی میں ہے” "الطيب" بوزن سيد الطاهر، أو الزكي؛ لأنه لا أطيب منه ترجمہ : طیب ،سید کے وزن پر ہے جس کا معنی ہے پاک یا پاکیزہ،کیونکہ آپ علیہ الصلو ۃ والسلام سے زیادہ پاکیزہ کوئی نہیں ہے۔(شرح الزرقانی علی المواھب اللدنیۃ،ج 4،ص 203،دار الکتب العلمیۃ،بیروت)

محمدنام رکھنے کی فضیلت:

   کنز العمال میں روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”من ولد له مولود ذكر فسماه محمدا حبا لي وتبركا باسمي كان هو ومولوده في الجنة“ترجمہ:جس کے ہاں بیٹا پیدا ہو اور وہ میری محبت اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمد رکھے تو وہ اور اس کا بیٹا دونوں جنت میں جائیں گے۔(کنز العمال،ج 16،ص 422، مؤسسة الرسالة،بیروت)

   رد المحتار میں مذکورہ حدیث کے تحت ہے” قال السيوطي: هذا أمثل حديث ورد في هذا الباب وإسناده حسن “ترجمہ: علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمۃ نے فرمایا:جتنی بھی احادیث اس باب میں وارد ہوئیں،یہ حدیث ان سب میں بہتر ہے اور اس کی سند حسن ہے۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج 6،ص 417،دار الفکر، بیروت)

   نوٹ : ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں ۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں ،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے ۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے ۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم