Harees Naam ka Matlab Aur Harees Naam Rakhna Kaisa ?

حریث نام رکھنا اور حریث کا معنی

مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1936

تاریخ اجراء:10صفرالمظفر1445ھ/28اگست2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حریث نام رکھنا کیسا ،اس نام کا معنی  بھی بتادیجیے۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   حریث(حاپرپیش،راء پرزبرکے ساتھ) نام رکھنادرست ہے بلکہ یہ بعض صحابہ کرام علیہم الرضوان اورتابعین عظام علیہم الرحمۃ کانام ہے  توجس حدیث پاک میں اچھوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے ،اس پرعمل کی نیت سے رکھیں گے تواس پرثواب کی بھی امیدہے اوران شاء اللہ عزوجل ان کی برکت بھی بچے کے شامل حال ہونے کی امیدہے ۔

   اس کے معنی کے حوالے سے وضاحت یہ ہے کہ :

   یہ  اسم مصغرہے ،یاتویہ حارث کی تصغیرہے اورحارث کامطلب ہوتاہے :"کھیتی باڑی کرنے والا"تواس اعتبارسے اس کامعنی بنے گا:"تھوڑی کھیتی باڑی کرنے والا"۔

   اوریاپھریہ حرث کی تصغیرہے اورحرث کامطلب ہے "کھیتی"۔تواس اعتبارسے اس کامعنی ہوگا:"چھوٹی کھیتی۔"

   الثقات لابن حبان میں ہے” حريث بن عمرو بن عثمان المخزومي له صحبة وهو والد عمرو بن حريث۔حريث بن غانم الشيباني له صحبة“ترجمہ:حریث بن عمروبن عثمان مخزومی صحابی ہیں ۔اوریہ عمروبن حریث کے والدہیں ۔حریث بن غانم شیبانی صحابی ہیں ۔(الثقات لابن حبان،ج 3،ص 97،98، دائرة المعارف العثمانية بحيدر آباد الدكن الهند)

   الثقات للعجلی میں ہے” حُرَيْث بن الرّبيع الْعَدْوى بصرى تَابِعِيّ ثِقَة“ترجمہ:حریث بن ربیع عدوی بصری ثقہ تابعی ہیں ۔(الثقات للعجلی،ص 290،مكتبة الدار - المدينة المنورة - السعودية)

   خزانۃ الادب ولب لباب لسان العرب میں ہے” حريثٌ مصغر حَارِث“ترجمہ:حریث،حارث کی تصغیرہے ۔(خزانة الأدب ولب لباب لسان العرب،ج 8،ص 559، مكتبة الخانجي، القاهرة)

   الکواکب الدراری فی شرح صحیح البخاری للکرمانی میں ہے” (۔۔ حريث) مصغر الحرث أي الزرع “ ترجمہ: حریث،تصغیرہے حرث کی ،جس کامطلب ہے کھیتی  ۔(الکواکب الدراری،ج 17،ص 7، دار إحياء التراث العربي، بيروت-لبنان)

   المنجد میں ہے”الحرث:مص۔کھیتی۔(المنجد،ص 146،خزینہ علم و ادب،لاہور)

   فیروز اللغات میں ہے”حارث:کاشتکار،کھیتی باڑی کرنے والا۔"(فیروز اللغات،ص 560،فیروز سنز،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم