Ummat ul Hafeez Naam Rakhna Kaisa Hai ?

"امۃ الحفیظ " نام کے متعلق وضاحت

مجیب:مولانا محمد فرحان افضل عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2909

تاریخ اجراء: 20محرم الحرام1446 ھ/27جولائی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   امۃ الحفیظ کا معنیٰ کیا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   لفظِ" اَمَۃ" کا معنٰی ہے:" بندی، کنیز   وغیرہ۔"اور "حفیظ "اللہ عزوجل کے مبارک ناموں میں سے ایک نام ہے،جس کا معنیٰ ہے:" حفاظت فرمانے والا، نگہبان۔"دونوں کو ملا کر اس کا معنی بنے گا:"اللہ عزوجل  کی بندی یا کنیز۔" جس طرح بچے کا نام عبد الحفیظ رکھنا جائز ہے،یونہی بچی کا نام "اَمَۃُ الحفیظ"رکھنا بھی  جائز ہے۔ البتہ! عام بول چال کے اعتبار سے  اس نام کے مشکل ہونے کی وجہ سے،لوگوں کا اسے بگاڑ دینا ممکن ہے،لہذا بہتر یہ ہے کہ کوئی آسان ، اسلامی نام رکھ لیا جائے۔بچی کا نام رکھنے میں بہتریہ ہے کہ نبی پاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات، بیٹیوں، صحابیات رضی اللہ عنہن اور نیک خواتین کے نام پر رکھا جائےکہ حدیث پاک میں اچھے لوگوں کے نام پرنام رکھنے کی ترغیب ارشادفرمائی گئی ہے، نیزامیدہے کہ اچھے نام کی برکت اور ان بزرگ ہستیوں کی برکت بھی بچی کےشامل حال ہو گی۔

   المعجم الوسیط میں ہے” الامۃ:باندی، بندی، جیسے "یا امۃ اللہ"اے خدا کی بندی۔ (المعجم الوسیط،ص 54،مطبوعہ لاہور)

   فیروز اللغات میں ہے”حفیظ:محافظ،نگہبان،خدائے تعالی کا صفاتی نام۔(فیروز اللغات،ص 571،فیروز سنز،لاہور)

   الفردوس بماثور الخطاب میں ہے:”تسموا بخياركم “ ترجمہ: اچھوں کے نام پر نام رکھو ۔ (الفردوس بماثور الخطاب، جلد2، صفحہ58، حدیث2329، دار الكتب العلمية ، بيروت)

   صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ”بچہ کا اچھا نام رکھا جائے۔ ہندوستان میں بہت لوگوں کے ایسے نام ہیں ، جن کے کچھ معنی نہیں یا اون کے برے معنی ہیں ، ایسے ناموں سے احتراز کریں۔ انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے اسمائے طیبہ اور صحابہ و تابعین و بزرگان دِین کے نام پر نام رکھنا بہتر ہے ، امید ہے کہ اون کی برکت بچہ کے شاملِ حال ہو۔“(بھار شریعت ، جلد3،حصہ 15، صفحہ356، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   نوٹ : ناموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھیں ۔ اس میں بچوں اور بچیوں کے بہت سے اسلامی نام بھی لکھے ہوئے ہیں ،وہاں سے دیکھ کر کوئی سا بھی اچھا نام رکھا جا سکتا ہے ۔ نیچے دئے گئے لنک سے یہ کتاب ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہے ۔

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/naam-rakhnay-kay-ahkam

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم