Kya 7 Zameen Machli Ki Pusht Par Hain ?

کیا ساتوں زمینیں مچھلی کی پُشت پر ہیں ؟

مجیب:مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1420

تاریخ اجراء: 03رجب المرجب1445 ھ/15جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   زمین مچھلی کی پُشت پر ہے، تو معلوم یہ کرنا ہے کہ زمینیں تو سات ہیں، تو کیا ہر زمین مچھلی کی پُشت پر ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ساتوں زمینیں ایک ساتھ جڑی ہوئی ہیں جیسے پیاز کی مختلف تہیں  ایک ساتھ ملی ہوئی ہوتی ہیں اور مجموعی زمین کے مچھلی کی پشت پر  ہونے سے متعلق روایات  موجود  ہیں۔

   سیدی اعلیٰ حضرت امام اہلسنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:’’ عبدالرزاق و فریابی وسعید بن منصور اپنی اپنی سنن اور عبدبن حمید وابن جریر و ابن المنذر و ابن مردودیہ و ابن ابی حاتم اپنی تفاسیر اور ابو الشیخ کتاب العظمہ اور حاکم بافادہ تصحیح صحیح مستدرک اور بیہقی کتاب الاسماء اور خطیب تاریخ بغداد  اور ضیائے مقدسی صحیح مختارہ میں عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے راوی : ان اول شیئ خلق ﷲ القلم فقال لہ اکتب، فقال یارب ومااکتب؟ قال اکتب القدر فجری من ذلک الیوم ماھو کائن الی ان تقوم الساعۃ ثم طوی الکتاب وارتفع القلم وکان عرشہ علی الماء فارتفع بخار الماء ففتقت منہ السمٰوٰت ثم خلق النون فبسطت الارض علیہ والارض علی ظھر النون فاضطرب النون فمادت الارض فاثبتت بالجبال۔  فرمایا، اللہ عزوجل نے ان مخلوقات میں سب سے پہلے قلم پیدا کیا اور اس سے قیامت تک کے تمام مقادیر لکھوائے اور عرش ِ الٰہی پانی پر تھاپانی کے بخارات اٹھے ان سے آسمان جدا جدا بنائے گئے  پھر مولیٰ عزوجل نے مچھلی پیدا کی اس پر زمین بچھائی، زمین پشت ِ ماہی پر ہے، مچھلی تڑپی ، زمین جھونکے لینے لگی۔ اس پر پہاڑ جما کر بوجھل کردی گئی۔‘‘(فتاوی رضویہ،جلد27،صفحہ95،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم