Kya Allah Pak Ke 70 Maon Se Ziada Mohabbat Karne Ki Koi Hadees Hai ?

ستر ماؤں سے زیادہ محبت؟

مجیب: مفتی محمد ہاشم خان عطاری مدنی

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر2023

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک جملہ زبان زدِ عام ہے کہ ’’اللہ تعالیٰ ستر ماؤں سے بھی زیادہ  اپنے بندے سے محبت فرماتا ہے‘‘ سوال یہ ہے کہ

   (1) کیا یہ جملہ کسی حدیث پاک میں آیا ہے؟یا لوگوں کی زبان پر یونہی مشہور ہو گیا ہے ؟

   (2)اس  جملے کو بغیر حدیث کہے بیان کرنا جائز  ہے یانہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   (1)سوال میں بیان کردہ جملہ  بہت تلاش کے باوجود  کسی حدیث میں نہیں مل سکا ، یہ بغیر کسی سند کے لوگوں کی زبانوں پر جاری ہو گیا ہے، لہٰذا جب تک کوئی مستند حوالہ نہ ملے اسے  بطورِ حدیث بیان نہ کیا جائے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ارحم الراحمین ہے وہ اپنے بندوں پر فضل و کرم فرماتا ہے اس کی رحمت اور اپنے بندوں سے محبت کو بیان کرنے کے لیے اسی جملے کو بیان کرنا تو ضروری نہیں ، بے شمار آیات و احادیث میں اللہ تبارک و تعالیٰ کی رحمت اور اپنے بندوں سے محبت فرمانے  کا ذکر ہے، چاہیے کہ وہ آیات و احادیث بیان کی جائیں ۔

   ایسی بہت سی احادیث کتبِ احادیث میں موجود ہیں جن میں اللہ تعالیٰ کی اپنے بندوں پر رحمت و مہربانی کو بیان کیا گیا ہے، ہمیں چاہیے کہ ان احادیث کو بیان کریں، اور جن روایات کو بیان کرنے سے علمائے کرام منع فرمائیں انہیں بیان کرنے سے باز رہیں ۔

   (2)اس جملے کو بغیر حدیث کہے کثرتِ محبت کے طور پر بیان کرنے میں حرج نہیں کہ ستر (70) عددِ کثرت  ہے ، عام محاوروں میں یہ عدد کسی چیز کی زیادتی و کثرت کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن اس طرح  بیان کرتے ہوئے بھی اس کی وضاحت کر دینی چاہیے کہ یہ حدیث نہیں ، کیونکہ عموماً لوگ اسے حدیث سمجھ لیتے ہیں اور پھر حدیث کہہ کر آگے بیان کرتے ہیں۔

   فرہنگِ آصفیہ میں ہے :’’ستر :70 عددِ کثرت۔ بہتیر ے۔ سینکڑوں۔ بیسیوں‘‘ (فرہنگِ آصفیہ، جلد2، صفحہ 32، مطبوعہ لاہور)

   آن لائن اردو ڈکشنری ریختہ میں ستر (70)کا ایک معنی یہ بیان کیا گیا ہے :’’اظہارِ کثرت کے لیے، بہت سے، ہزاروں‘‘

https://www.rekhtadictionary.com/meaning-of-sattar?lang=ur

   اس معنی کے اعتبار سےاس جملے (اللہ تعالیٰ ستر ماؤں سے بھی زیادہ اپنے بندے سے محبت فرماتا ہے) کا معنی یہ بنے گا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے بندے سے بہت زیادہ محبت فرماتا ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم