Kya Ayat Sajda Ka Tarjuma Sunne Wale Par Sajda Tilawat Wajib Hoga ?

آیتِ سجدہ کا ترجمہ سننے والےپر  سجدہ تلاوت واجب ہوگا؟

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-13046

تاریخ اجراء:        03ربیع الثانی1445 ھ/19اکتوبر 2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارےمیں کہ قاری نے آیتِ سجدہ کا ترجمہ پڑھا جبکہ سننے والے کو ایک دن بعد علم ہوا کہ یہ تو آیتِ سجدہ کا ترجمہ تھا۔ تو کیا اس صورت میں آیتِ سجدہ کا ترجمہ سننے والے پر سجدہ تلاوت واجب ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں! پوچھی گئی صورت میں آیتِ سجدہ کا ترجمہ سننے والےشخص  پر سجدہ تلاوت واجب ہوگا۔

   چنانچہ فتاوٰی عالمگیری وغیرہ کتبِ فقہیہ میں مذکور ہے:”إذا قرأ آية السجدة بالفارسية فعليه وعلى من سمعها السجدة فهم السامع أولا إذا أخبر السامع أنه قرأ آية السجدة وعندهما إن كان السامع يعلم أنه يقرأ القرآن يلزمه وإلا فلا ، كذا في الخلاصة ، وقيل : تجب بالإجماع هو الصحيح ، كذا في محيط السرخسي“ یعنی جب کوئی شخص فارسی زبان میں آیتِ سجدہ پڑھے تو اس پر اور جس نے اس آیت کو سنا اس پر بھی سجدہ تلاوت واجب ہوگا خواہ سننے والے نے اسے سمجھا ہو یا نہ سمجھا ہو، جبکہ پڑھنے والا سامع کو خبر دے دے کہ اس نے آیتِ سجدہ کی تلاوت کی ہے۔ صاحبین علیہما الرحمہ کے نزدیک اگر سامع اس بات کو جانتا ہو کہ اس نے قرآن کی تلاوت کی ہے تو اس پر سجدہ تلاوت لازم ہوگا ورنہ نہیں،جیسا کہ خلاصہ میں مذکور ہے۔ کہا گیا ہے کہ بالاجماع سجدہ تلاوت واجب ہوگا اور یہی صحیح ہے، جیسا کہ محیط سرخسی میں مذکور ہے ۔ (فتاوٰی  عالمگیری، کتاب الصلاۃ، ج01، ص 133،  دار الفکر، بیروت)

   بہارِ شریعت میں ہے:” فارسی یا کسی اور زبان میں آیت کا ترجمہ پڑھا تو پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہوگیا، سننے والے نے یہ سمجھا ہو یا نہیں کہ آیت سجدہ کا ترجمہ ہے، البتہ یہ ضرور ہے کہ اسے نامعلوم ہو تو بتا دیا گیا ہو کہ یہ آیت سجدہ کا ترجمہ تھا اور آیت پڑھی گئی ہو تو اس کی ضرورت نہیں کہ سننے والے کو آیت سجدہ ہونا بتایا گیا ہو ۔“ (بہارِ شریعت، ج 01، ص 730، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم