Sabaq Yaad Karte Hue Ayat e Sajda Ko Baar Baar Parhna

سبق یادکرتے ہوئے آیت سجدہ کاتکرار

مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-577

تاریخ اجراء: 20رجب المرجب  1443ھ/22فروری2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    جن سورتوں میں آیتِ سجدہ ہو ، انہیں یاد کرتے ہوئے جتنی بار آیتِ سجدہ پڑھیں ، ہر بار سجدہ واجب ہو گا یا چونکہ تکرار کر رہے ہیں ، تو ایک ہی سجدہ کافی ہو گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں اگر ایک ہی مجلس میں ایک ہی سجدے کی آیت بار بار پڑھی ، تو ایک ہی سجدہ لازم ہو گا اور اگر سجدے کی مختلف آیتیں پڑھیں ، تو ہر آیت کے بدلے میں الگ سجدہ لازم ہو گا ۔ یونہی اگر ایک ہی آیت مجلس بدل بدل کر پڑھی ، تو الگ الگ مجلس میں جتنی بار آیت پڑھی ، اتنے سجدے لازم ہوں گے ۔

   بہارِ شریعت میں ہے:”پڑھنے والے نے کئی مجلسوں میں ایک آیت بار بار پڑھی اور سننے والے کی مجلس نہ بدلی، تو پڑھنے والا جتنی مجلسوں میں پڑھے گا، اس پر اتنے ہی سجدے واجب ہوں گے اور سننے والے پر ایک اور اگر اس کا عکس ہے یعنی پڑھنے والا ایک مجلس میں بار بار پڑھتا رہا اور سننے والے کی مجلس بدلتی رہی، تو پڑھنے والے پر ایک سجدہ واجب ہو گا اور سننے والے پر اتنے، جتنی مجلسوں میں سُنا۔“(بہارِ شریعت،ج1،حصہ4،ص735،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم