Tasveer Banane Ke Hawale Se Hadees Pak

تصویر بنانے کے حوالے سے حدیث پاک

مجیب:ابو رجا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1077

تاریخ اجراء:18صفرالمظفر1444 ھ/15ستمبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   تصویر بنانے کی ممانعت پر چنداحادیث بیان کردیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جاندارکی تصویربنانےپرعذاب کے متعلق کثیر حدیثیں ہیں۔ ان میں سے ایک صحیح بخاری شریف میں  یہ ہے : حضرت عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں:”سمعت النبي صلى الله عليه وسلم يقول: «إن أشد الناس عذابا عند الله يوم القيامة المصورون “ ترجمہ: میں نے نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کوفرماتے ہوئے سنا:بے شک قیامت کے دن اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ عذاب والے وہ ہیں جوتصویربنانے والے ہیں ۔ (صحیح البخاری،کتاب  اللباس جلد2،صفحہ880،مطبوعہ:کراچی)

   مزیداسی صحیح بخاری میں ہے:حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے روایت ہے  رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں: ”ان الذین یصنعون ہذہ الصور یعذبون یوم القیمۃ یقال لہم احیواما خلقتم“ یعنی :بیشک یہ جو تصویریں بناتے ہیں قیامت کے دن عذاب کئے جائیں گے ان سے کہا جائے گایہ صورتیں جو تم نے بنائی تھیں ان میں جان ڈالو۔ (صحیح البخاری،کتاب  اللباس ،باب عذاب المصورین یوم القیامۃ،جلد2،صفحہ880،مطبوعہ:کراچی)

   جاندارکی تصویر بنانے  کی حرمت کے متعلق مرقاۃ المفاتیح شرح مشکوۃ المصابیح میں ہے:”قال أصحابنا وغيرهم من العلماء: تصوير صورة الحيوان حرام شديد التحريم وهو من الكبائر لأنه متوعد عليه بهذا الوعيد الشديد المذكور في الأحاديث “ ترجمہ:ہمارے اصحاب اوردیگر علماء کرام نے فرمایا حیوانات کی تصویربنانا شدید حرام ہے اور یہ کبیرہ گناہوں میں شامل ہے کیونکہ اس پرشدید وعید آئی ہے جواحادیث میں مذکور ہے۔ (مرقاۃ المفاتیح،باب التصاویر،جلد7،صفحہ2848،دارالفکر،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم