Khoon Ki Nami Kapron Par Lag Jati Hai Namaz Jaiz Hai Ya Nahi ?

خون کی نمی کپڑوں پر لگ جاتی ہے نماز جائز ہےیانہیں؟

مجیب:مفتی فضیل صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر: Kan:12085

تاریخ اجراء: 18ربیع الاول1438ھ/18دسمبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مجھے بواسیر کا مرض ہے جس کی وجہ سے میری شلوار خون سے آلودہ ہو جاتی ہے لیکن زخم سے خون بہنے کے قابل نہیں ہوتا فقط اس کی تری سے شلوار بار بار لگ کر آلودہ ہوجاتی ہے ،میرے لیے وضو اورنمازوں کے لیے  کپڑوں کی پاکی کے متعلق کیا حکم ہوگا؟بواسیر کے مسے پچھلی شرم گاہ کے بیرونی حصے پر ہیں ،شرم گاہ کی نالی میں کوئی مسہ نہیں ہے۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    آپ کی بیان کردہ صورت کے مطابق جبکہ خون بہنے کے قابل نہیں ہوتا فقط اس کی نمی ہوتی ہے جس کی وجہ سے کپڑا آلودہ ہو جاتا ہے تو اس کے سبب وضو نہیں ٹوٹے گا اورشلواربھی نا پاک نہیں  ہوگی ۔

    البتہ یاد رہے کہ آئندہ اگران مسوں سے نکلنے والا خون بہنے کے قابل ہواتوجتنی بار بہے گاوضو کو توڑ دے گا،اور اس بہنے کی صورت میں خون کپڑے کو لگ جائے تو حکم یہ ہے کہ (1) اگر کپڑے یا بدن میں ایک درہم سے زِیادہ لگ جائے ،تو اس کا پاک کرنا فرض ہے، بغیر پاک کیے نماز پڑھ لی تو ہو گی ہی نہیں اور قصداً پڑھی تو گناہ بھی ہوا۔(2) اور اگر درہم کے برابر ہے تو پاک کرنا واجب ہے کہ بغیرپاک کیے نماز پڑھی تو مکروہ ِتحریمی ہوئی یعنی ایسی نماز کا اِعادہ واجب ہے اور قصداً پڑھی تو گنہگار بھی ہوا ۔(3)اور اگر درہم سے کم ہے تو پاک کرنا سنّت ہے، کہ بغیرپاک کیے نماز ہوگئی مگر خلافِ سنّت ہوئی اور اس کا اِعادہ بہتر ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم