Chamgadar Ke Mutaliq Ahkam

چمگادڑکے متعلق احکام

مجیب:مولانا شاکرصاحب زید مجدہ

مصدق:مفتی قاسم  صاحب مدظلہ العالی

فتوی نمبر:Sar:5206

تاریخ اجراء:23محرم الحرام1438ھ/25اکتوبر2016ء

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ چمگادڑکھاناحلال ہے یاحرام؟اس کی بیٹ اورپیشاب پاک ہے یاناپاک؟اگراس کی بیٹ یاپیشاب یاوہ خودپانی میں گرجائے توپانی پاک رہے گایاناپاک؟اگریہ پانی میں گرکرمرجائے اوروقت معلوم نہ ہو کہ کب گرکر مری ہے تواس پانی کے پاک یاناپاک ہونے کااورنمازوں کاکیاحکم ہوگاجواس پانی سے وضوکرکے پڑھی ہیں ؟

سائل:مولاناعمرفاروق

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    چمگادڑماکول اللحم پرندوں میں سے ہے،اس کی بیٹ اورپیشاپ پاک ہے لہذااگراس کی بیٹ یاپیشاب یایہ خودپانی میں گرجائے توپانی ناپاک نہ ہوگااگرچہ اس کامنہ پانی میں پڑجائے بشرطیکہ یہ زندہ نکل آئے اوراس کے بدن پرظاہری نجاست نہ ہو،اوراگروہ پانی میں گرکے مرجائے یااس کے جسم پرکوئی ظاہری نجاست ہوتوپانی ناپاک ہوجائے گا۔

    اگر گرکرمرنے کاوقت معلوم ہےتواسی وقت سےپانی کوناپاک تصورکیاجائے گااور ان نمازوں کااعادہ کیاجائے گاجواس پانی سے وضوکرکے اداکی گئیں اورجس کپڑے یابدن وغیرہ کے حصہ کوایک درہم کی مقداریا اس سے زائد لگاانہیں بھی پاک کرناہوگااوراگرگرکر مرنے کاوقت معلوم نہیں توجب سے مراہوادیکھاہے تب سےوہ پانی ناپاک قراردیاجائے گا،اس سے پہلے نہیں اگرچہ وہ پہلے کامراہواہو۔لہذادیکھنے سے پہلے جووضوکرکے نمازیں اداکی گئیں وہ اداہوگئیں ۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم