Kya Aulia e Kiram Ghaib Ka Ilm Jantay Hain?

کیا اولیاء کرام غیب کا علم جانتے ہیں؟

مجیب:مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-356

تاریخ اجراء:19جُمادَی الاُولٰی1443ھ/24دسمبر 2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا انبیا ء کرام  علیہم الصلوۃ والسلام کے علاوہ اولیاء کرام رحمہم اللہ کو بھی علم غیب ہوتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی بالکل! انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کے علاوہ اولیاء کرام علیہم الرحمۃ کو بھی اللہ پاک  علم غیب عطا فرماتا ہے اور کئی ایسے واقعات کتب میں موجود ہیں ،جن میں اولیاء کرام علیہم الرحمۃ نے مختلف غیب کی خبریں ارشاد فرمائیں۔حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنی حاملہ زوجہ کے بارے میں بتایاکہ میری وفات کے بعداس سے بیٹی پیداہوگی۔(موطاء امام مالک،کتاب الاقضیۃ،ص645،مطبوعہ:کراچی)

   حضر ت جابررضی اللہ تعالی عنہ کے والدنے جہادمیں رات کوبتادیاتھاکہ کل میں شہیدہوجاوں گا۔(صحیح بخاری،کتاب الجنائز، ج01، ص 180 ، مطبوعہ : کراچی)

   حضرت عمرفاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ نے مدینہ منورہ میں رہتے ہوئے مقام نہاوند پر موجود اسلامی لشکرکی پریشانی دیکھ کراس کی مدد فرمائی۔ (مشکوۃ شریف ،کتاب الکرامات،ص546،مطبوعہ:کراچی)

   نیزمفسرین ومحدثین نے اولیاء کرام علیہم الرحمۃ کوملنے والے علم غیب کی  وضاحت بھی فرمائی ہےچنانچہ تفسیر روح البیان میں ہے:”یطلع علیہ غیر الرسول إمّا بتوسط الأنبیاء۔۔۔أوبأن یلہم اللہ بعض الأولیاء وقوع بعض المغیبات في المستقبل بواسطۃ الملک، فلیس مراد اللہ بہذہ الآیۃ أن لا یطلع احداً علی شيء من المغیبات إلاّ الرسل لظہور أنّہ تعالی قد یطلع علی شيء من الغیب غیر الرسل). “ترجمہ: رسول کے علاوہ بھی غیب پر مطلع ہوتے ہیں، انبیا کےو اسطے سے یا اللہ پاک بعض اولیاء کو مستقبل میں ہونے والے بعض غیبی واقعات پر فرشتے کے واسطے سے  خبر دیتا ہے۔لہذا اس آیت کے ذریعے اللہ پاک کی یہ مراد نہیں ہے کہ رسولوں کے علاوہ کوئی غیب پر مطلع نہیں ہوتا کیونکہ یہ بات ظاہر ہے کہ  کبھی اللہ پاک رسولوں کے علاوہ کو بھی غیب پر مطلع فرما دیتا ہے۔(تفسیر روح البیان،جلد10 ، صفحہ 201، دار الفکر ، بیروت(

   ارشاد الساری میں ہے :” ولا یعلم متی تقوم الساعۃ أحد إلاّ اللہ إلاّ من ارتضی من رسول فإنّہ یطلعہ علی ما یشاء من غیبہ، والولي التابع لہ یأخذ عنہ “ ترجمہ:اللہ پاک کے علاوہ کوئی نہیں جانتا کہ قیامت کب آئے گی ہاں اللہ کے پسندیدہ رسول  کہ  اللہ پاک اپنے غیب میں سے جس پر چاہے ان کو مطلع فرما دیتا ہے اور ولی نبی کے تابع ہے،وہ نبی سے(علم غیب ) لیتا ہے۔ (ارشاد الساری ، جلد 7 ،صفحہ 186، المطبعة الكبرى الأميرية، مصر)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم